"چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے سکردو میں بلند ترین چوٹی براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے کے نتیجے میں متعدد کوہ پیماؤں کے جاں بحق اور لاپتہ ہونے کے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔”
چیئرمین سینٹ کا سکردو میں بلند ترین چوٹی براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے کے نتیجہ میں متعدد کوہ پیماؤں کے جاں بحق اور لاپتہ ہونے پر گہرے دکھ کا اظہار

مزید خبریں
اسلام آباد۔31جولائی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے سکردو میں بلند ترین چوٹی براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے کے نتیجے میں متعدد کوہ پیماؤں کے جاں بحق اور لاپتہ ہونے کے افسوسناک واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے جاں بحق ہونے والے کوہ پیماؤں کے اہلخانہ اور متعلقہ ممالک کے عوام سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سانحے پر پوری قوم غمزدہ ہے۔ انہوں نے سوگوار خاندانوں کے لئے صبر و حوصلے کی دعا کی اور امید ظاہر کی کہ لاپتہ کوہ پیماؤں کو جلد از جلد بحفاظت تلاش کر لیا جائے گا۔ سید یوسف رضا گیلانی نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ لاپتہ کوہ پیماؤں کی تلاش کے لئے جاری ریسکیو آپریشن کو مزید مؤثر، مربوط اور تیز کیا جائے اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے سرچ آپریشن بلا تاخیر جاری رکھا جائے تاکہ باقی لاپتہ افراد تک جلد از جلد رسائی ممکن بنائی جا سکے۔چیئرمین سینیٹ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اگر کسی کوہ پیما کو زخمی حالت میں ریسکیو کیا جائے تو اسے فوری اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور ریسکیو ٹیموں کو ہر ممکن معاونت مہیا کی جائے تاکہ انسانی جانوں کے تحفظ کے لئے تمام تر ضروری اقدامات بروقت یقینی بنائے جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پوری قوم متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام لاپتہ افراد کو محفوظ رکھے، ریسکیو اہلکاروں کو اپنے فرائض کی انجام دہی میں کامیابی عطا فرمائے اور متاثرہ خاندانوں کو یہ آزمائش برداشت کرنے کی ہمت اور حوصلہ دے۔







