مون سون کے دوران ریسکیو 1122 ہائی الرٹ، ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے تمام انتظامات مکمل ہیں، ڈاکٹر رضوان نصیر

"سیکرٹری ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا ہے کہ مون سون بارشوں کے دوران ریسکیو 1122 کے اہلکار ہائی الرٹ ہیں، ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔”

راولپنڈی ۔31جولائی (اے پی پی):سیکرٹری ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا ہے کہ مون سون بارشوں کے دوران ریسکیو 1122 کے اہلکار ہائی الرٹ ہیں، ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

سیکرٹری ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر نے ڈڈھوچہ ڈیم راولپنڈی کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو 1122 مون سون کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں جبکہ ریسکیو 1122 کی ایمرجنسی گاڑیاں، امدادی سامان اور اہلکار حساس مقامات پر تعینات ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال میں فوری امدادی کارروائیاں یقینی بنائی جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ راولپنڈی شہر میں نکاسی آب کے عمل کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور متعلقہ ادارے بروقت پانی کی نکاسی کو یقینی بنانے کے لیے متحرک ہیں تاکہ شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت پنجاب اور ایمرجنسی سروسز کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ مون سون کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، برساتی نالوں، ڈیموں اور سیلابی پانی کے قریب جانے سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ریسکیو 1122 سے رابطہ کریں۔اس سے قبل ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر راولپنڈی انجینئر صبغت اللہ نے سیکرٹری ایمرجنسی سروسز پنجاب کو بریفنگ دیتے ہوئے ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کیے گئے انتظامات، اہلکاروں کی تعیناتی اور امدادی وسائل کی دستیابی سے آگاہ کیا، جس پر ڈاکٹر رضوان نصیر نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہر وقت مکمل تیاری برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔

مزید خبریں