اسمبلیاں اپنی آئینی مدت پوری کریں گی ، الیکشن اکتوبر2023 میں ہوں گے، ،رانا ثنااللہ

175
اسمبلیاں اپنی آئینی مدت پوری کریں گی ، الیکشن اکتوبر2023 میں ہوں گے، ،رانا ثنااللہ

فیصل آباد۔25دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ اسمبلیاں اپنی آئینی مدت پوری کریں گی اور الیکشن اکتوبر2023 میں ہوں گے۔ وہ اتوار کی شب یہاں غلام محمد آباد میں ایک عظیم الشان ڈویژنل ورکرز کنونشن سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان انتہائی نازک حالات سے گزر رہا ہے جس کا ذمہ دار ایک ایسا شخص ہے جو لوگوں کو گمراہ کرنے کی بھر پور کرشش کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب مسلم لیگ ن کی قیادت نے اقتدار سنبھالا تھا تو اس وقت ملک کو انتہائی دہشت گردی کا سامنا تھاجبکہ لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 18-20 گھنٹے تھا۔ تاہم میاں نواز شریف نے اپنی مدبرانہ قیادت کے سبب ان مسائل پر قابو پا کر ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کردیا۔

مگر افسوس کہ ن لیگ کی حکومت کو ختم کرکے ملکی اقتدار ایک ایسے شخص کو دے دیا گیا جس نے ملکی معیشت کا بیڑا غرق کردیا۔ ن لیگ کی حکومت نے سی پیک جیسا اہم اور بڑا منصوبہ پاکستان میں شروع کیا۔ اگر یہ منصوبہ2021 تک مکمل ہوجاتا ہو ملک سے بیروزگاری کا خاتمہ ہونے کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت کو بھی استحکام آجاتا۔ مگر اس نالائق حکمران نے نہ صرف دیگر ترقیاتی منصوبے ختم کیے بلکہ سی پیک کا نام و نشان بھی ختم کردیا۔ اسی طرح ن لیگ کی حکومت نے گیس پائپ لائن بچھانے کے منصوبے کا کام شروع کیا تھا مگر اس نالائق نے آکر وہ منصوبہ بھی بند کروا دیا جس کی وجہ سے آج ملک کو سستی گیس اور تیل جیسے مسائل درپیش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان جب اقتدار میں تھا تو اس وقت وہ دوسروں پر کیچڑ اچھال کر انہیں چور اور ڈاکو گردان رہا تھا مگر دوسری طرف اس کی حالت یہ تھی کہ اس نے اپنی گھروالی کے ساتھ مل کر ملکی توشہ خانہ سے نہ صرف قیمتی گھڑیاں چوری کیں بلکہ توشہ خانہ ہی خالی کردیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے توشہ خانہ سے لاکھوں روپے میں قیمتی تحائف خرید کر باہر مارکیٹ میں اربوں روپے کے فروخت کردیئے جس سے نہ صرف ملکی خزانے کا بھاری نقصان ہوا بلکہ اس کے اس گھٹیا فعل سے پاکستان کی عالمی سطح پر جگ ہنسائی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے توشہ خانہ کے تحائف فروخت کرنے کے سبب پاکستان کے دوست ممالک سے تعلقات بھی خراب ہوئے۔اب اس کی دبئی میں منی لانڈرنگ پکڑی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم ایک ایک ڈالر کو ترس رہے ہیں۔ اگر سی پیک منصوبہ مکمل ہوجاتا تو پاکستان میں ڈالروں کی بارش ہوتی۔انہوں نے کہا کہ کے پی کے میں حکومت چھ ماہ سے غائب ہے۔ وہاں پولیس اور سی ٹی ڈی کے ملازمین کو کئی ماہ سے تنخواہیں نہیں ملیں جبکہ عوامی فلاح وبہبود کے سارے منصوبوں پر بھی کام ٹھپ ہوکررہ گیا ہے۔ رانا ثنا ء اللہ نے کہا کہ عمران خان صرف ایک فتنہ ہے اور وہ ملک کو بربادی میں دھکیلنا چاہتا ہے جس کے لئے وہ نفرت کا کلچر فروغ دے رہا ہے۔وہ بچوں کے اخلاق اور ملکی اقدار تباہ کرنا چاہتا ہے۔ لوگوں کو اس کا ادراک کرنا چاہیے او رسیاسی طور پراپنے ووٹ کے ذریعے اس کا بروقت قلع قمع کرنا چاہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان غیر جمہوری روایات کر فروغ دے رہا ہے مسلم لیگ ن آئندہ انتخابات میں اس کا بھر پور مقابلہ کرے گی اورعوامی طاقت سے اسے سیاست سے ہمیشہ کیلئے نکال باہر پھینکے گی۔ انہوں نے کہا کہ 11مئی 1998 کو انڈیا نے ایٹمی دھماکے کئے تو اس وقت کے انڈیا کے وزیر داخلہ ایل کے ایڈوانی نے کہا تھا کہ ہم ایٹمی طاقت بن چکے ہیں اب پاکستان کو ہمارے ساتھ بات کرنے کا سلیقہ ہونا چاہیے۔

ایڈوانی کے اس بیان پر پوری پاکستانی قوم پریشان تھی تاہم پاکستانی وزیر اعظم میاں محمدنواز شریف نے سترہ دن بعد 28مئی کو انڈیا کے پانچ کے مقابلے میں چھ ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کو دنیا میں مسلم ایٹمی پاور ثابت کروایا۔انہوں نے کہا کہ 1998 میں پاکستانی معیشت تیزی سے ترقی کررہی تھی اور دیگر ممالک پاکستان کی معاشی سٹریٹجی کو نقل کرنے کی کوشش کررہے تھے۔ اس وقت دنیا بھر کے اخبارات و رسائل نے یہ خبریں شائع کیں کہ پاکستان ایٹمی طاقت بن چکا ہے اور اب یہ بہت جلد ایشین کا ٹائیگر بن جائے گا۔

مگر افسوس کہ میاں نواز شریف کی حکومت کو ایک سوچی سمجھی سازش کے ذریعے ختم کردیا گیا اور آج ہم اس کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خاں اسمبلیاں توڑنے کی بات کر رہا ہے یہ غیر جمہوری روایت ہے ہم اس کا حصہ نہیں بنیں گے اگر پھر بھی اسمبلیاں توڑی گئیں توہم اس کا بھر پور مقابلہ کریں گے جس کیلئے ہمارے کارکن تیار رہیں۔ انہوں نے خطاب کرتے ہوئے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ کرسمس کا تہوار ہمارے لئے اتنا ہی مقدس ہے جتنا یہ مسیحی برادری کیلئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرسمس کے علاوہ 25دسمبر اس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ یہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی پیدائش کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم ایک بہت ہی عظیم رہنما تھے۔ انہوں نے اپنی مدبرانہ سوچ اور قائدانہ صلاحیت کے سبب برصغیر کے مسلمانوں کیلئے ایک آزاد ملک پاکستان قائم کیا۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم اور ان نے ساتھیوں نے پاکستان کی آزادی کیلئے طویل جدوجہد کرنے کے ساتھ ساتھ بے مثال قربانیاں بھی پیش کیں اور آج انہیں قربانیوں کی بدولت ہم آزادی کا سانس لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 25دسمبر کا دن اس لحاظ سے بھی بہت اہمیت رکھتا ہے کہ یہ مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کی سالگر ہ کا دن ہے جس لئے ن لیگ کے تمام ممبران اور کارکنان مبارکباد کے مستحق ہیں۔ بعد ازاں انہوں نے کرسمس اور قائد اعظم محمد علی جناح اور سابق وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف کی سالگرہ کے الگ الگ کیک بھی کاٹے ۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن کے مقامی قائدین اور کارکنان کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔