
اسلام آباد ۔ 11 جون (اے پی پی) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ بچے ہمارا مستقبل ہیں، اور ایک بہتر مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے بچوں کے حقوق کا تحفظ اور انہیں بہترین تعلیم و تربیت اور ذہنی و جسمانی صحت کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی ضروری ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار بچوں کے لیبر ڈے کے خلاف منائے جانے والے عالمی دن کے موقع پر کیا جو ہر سال 12جون کو منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ بچے قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں اور قوم کو بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچے کل کے رہنما ہیں لحاظہ انہیں عزت، شفقت اور پیار دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت چالڈ لیبر کے خلاف سخت قانون سازی عمل میں لا رہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ غربت و افلاس کی وجہ سے بہت سے والدین اپنے بچوں سے مزدوری کروانے پر مجبور ہیں اور موجودہ حکومت غربت کے خاتمے کے لیے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے۔ اسپیکر اسد نے کہا کہ ایک ذمہ دار شہری ہونے کی حیثیت سے ہمیں قوم کے مستقبل کو سنوارنے کے لیے اپنی زمہ داریوں کو پورہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن بچوں کو مساوی مواقع فراہم کرنے اور انہیں صحیح تعلیم و تربیت دینے کے عہد کی تائید کرنے کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہر فرد سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ بچوں کو ہر طرح کے نقصان سے بچائیں اور ان سے ہونے والی ذیادتیوں کا سدِ باب کیا جائے اور ان سے کسی قسم کی بدسلوکی، بد عنوانی اور حقوق کی پامالی نا ہونے دیا جائے تاکہ آنے والے وقت میں ملک و قوم کا مستقبل روشن ہو۔اس موقع پر ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے کہا کہ بچے قوم کا مستقبل ہیں اور ان کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت چالڈ لیبر کے خلاف سخت قانون سازی عمل میں لائےگی۔ انہوں نے والدین پر زور دیتے ہوے کہا کہ وہ اپنے بچوں سے مزدوری کروانے کے بجائے ان کی تعلیم پر خصوصی توجہ دیں تاکہ وہ آنے والے وقت میں ان کا سہارہ اور ملک و قوم کی خدمت کر سکیں۔