اطالوی وزیر اعظم کا دورہ سعودی عرب، دونوں ممالک کے درمیان 10 ارب ڈالر کے سمجھوتوں پر دستخط

139
Italian Prime Minister Giorgia Maloney
Italian Prime Minister Giorgia Maloney

ریاض۔27جنوری (اے پی پی):سعودی عرب اور اٹلی کے درمیان 10 ارب ڈالر کے سمجھوتوں پر دستخط ہو گئے ہیں ۔ العربیہ اردو کے مطابق سعودی عرب کے علاقے العلا میں ایک اعلی سطحی اجلاس منعقدہوا جس میں اطالیہ کی خاتون وزیر اعظم جارجیا میلونی ،سعودی عرب اور اطالیہ کے وزرا ، سرمایہ کار اور کمپنیوں کے سربراہان نے شرکت کی۔

اس موقع پر اطالوی وزیر اعظم نے بتایا کہ ہم نے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کی سطح بڑھانے کے لیے10ارب ڈالر کے مختلف سمجھوتوں پر دستخط کئے ہیں ۔جارجیامیلونی نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ بات چیت کو وسیع اور نہایت اہم قرار دیا۔ انھوں نے بتایا کہ اطالیہ بنیادی ڈھانچے، توانائی، ٹیکنالوجی اور دفاع کے سیکٹرز میں سعودی عرب کے ساتھ کام کرنے کا خواہش مند ہے۔

مزید یہ کہ ان کے ملک کے پاس اچھا موقع ہے کہ وہ سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو آگےبڑھائے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال اطالیہ اور سعودی عرب کے درمیان تجارت کے حجم میں 26 فیصدکے قریب اضافہ ہوا۔ یاد رہے کہ جارجیا میلونی سعودی عرب کے دورے پر ہیں جس کا مقصد مشترکہ دلچسپی کے اقتصادی شعبوں میں میں تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔