اعلیٰ اخلاقی اقدار اور کردار عملی زندگی میں کامیابی کےلئے اہم ،ڈاکٹرز عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں، نگران وزیر اعلی ٰخیبر پختونخوا

255
Caretaker Chief Minister Khyber Pakhtunkhwa
Caretaker Chief Minister Khyber Pakhtunkhwa

پشاور۔ 29 دسمبر (اے پی پی): نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس(ر)سید ارشد حسین شاہ نے کہا ہے کہ ڈاکٹرز عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں ،خلوص نیت سے خلق خدا کی خدمت کریں،اعلیٰ اخلاقی اقدار اور کردار عملی زندگی میں کامیابی کےلئے انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے انہوں نے گریجویٹس پر زور دیا کہ وہ عملی زندگی کے آغاز ہی سے پیشہ ورانہ اخلاقیات اور اعلیٰ کردار کے اصولوں پر سختی سے کاربند رہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نارتھ ویسٹ سکول آف میڈیسن پشاور میں گریجویشن تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے سیشن 2022-2017 کے تحت ایم بی بی ایس مکمل کرنے والے 148 گریجویٹس میں اسناد تقسیم کیں اور امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے گریجویٹس کو گولڈ میڈلز پہنائے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ آج ایک طرف ان ہونہار طلبہ کا تعلیمی مرحلہ اختتام پذیر ہو رہا ہے تو دوسری طرف پیشہ وارانہ سفر کا آغاز ہو رہا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلاشبہ ان تمام گریجویٹس نے یہاں تک پہنچنے کے لیے بڑی محنت کی ہے، اب وہ ایک ڈاکٹر کی حیثیت سے پیشہ ورانہ زندگی میں قدم رکھنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ فارغ التحصیل طلباو طالبات عملی اور پیشہ وارانہ زندگی میں اس اعلیٰ معیار کو آگے بڑھانے میں شامل ہوں گے جو نارتھ ویسٹ سکول نے قائم کیا ہے۔ موجودہ صوبائی حکومت کی شعبہ صحت سے متعلق ترجیحات کا ذکر کرتے ہوئے سید ارشد حسین شاہ نے کہا کہ صوبے میں ہیلتھ کیئر پریکٹیشنرز کی تعداد کو کئی گنا بڑھانے پر کام کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نوجوان ہماری ترقی کا زینہ ہیں، انہیں دور حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ضروری ہے،نوجوانوں کو جدید خطوط پر تربیت دینے اور دوسرےممالک میں روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں۔ صوبائی وزیر مسعود شاہ، وزیر اعلی ٰکے مشیر ریاض انور، فیکلٹی اراکین اور کثیر تعداد میں طلباو طالبات نے بھی تقریب میں شرکت کی۔