اعلیٰ عدلیہ آئی ایم ایف کے ساتھ ڈیل میں دانستہ رخنہ اندازی پر ذمہ داروں کے خلاف تحقیقات کرے ،وفاقی وزیر ہائوسنگ اینڈ ورکس مولانا عبدالواسع

اسلام آباد۔31اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر ہائوسنگ اینڈ ورکس مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ ڈیل میں دانستہ رخنہ اندازی پراعلیٰ عدلیہ اصل حقائق جاننے کے لیے تحقیقات کرے ، مشکل ترین ملکی حالات کے باوجود تحریک انصاف ذاتی مفادات کی سیاست کررہی ہے ،عوام نے تحریک انصاف اور عمران نیازی کے نظریہ کو مسترد کردیا۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے گذشتہ روز مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔

جمعیت علما ئے اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر ووفاقی وزیر ہائوسنگ اینڈ ورکس مولانا عبدالواسع نے کہا کہ عمران نیازی ملک کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں جب تک ان کے خلاف کارروائی نہیں کی جاتی اس وقت تک ملک کے حالات ٹھیک نہیں ہوسکتے،عمران نیازی جلسوں کے سکرپٹ گرم کرنے کیلئے کوشش کررہے ہیں ، ملک کو ڈیفالٹ کی طرف لے جانے والا کبھی کہتا ہے سیلاب کیلئے فنڈز اکھٹا نہیں کروں گا تو کبھی آئی ایم ایف کو خط لکھتے ہیں ۔

مولانا عبدالواسع نے کہا کہ اب یہ اعلی عدلیہ کا امتحان ہے کہ ایک شخص من گھڑت کہانی بنانے کیلئے سب کی زندگی دا ئو پر لگارہا ہے ، آج پی ٹی آئی کے سابق وزرا ءاور اراکین کھل کر ریاست کے خلاف بول رہے ہیں،پی ٹی آئی اور عمران نیازی عوام دشمن اور فساد کی جڑ ہے۔ انہو ں نے کہاکہ پچھلے کئی دنوں سے سیلاب سے متاثرہ عوام کھلے آسمان تلے بے یارومددگار پڑے ہیں، بلوچستان تباہی کا منظر پیش کر رہا ہے، زراعت اور لائیو سٹاک کا شعبہ شدید متاثر ہوا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جمعیت کے عہدیداروں اور کارکنوں نے سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کی ہے، رضاکار تنظیموں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو ان متاثرین کی مدد کررہے ہیں۔ مولانا عبدالواسع نے مزید کہاکہ پاکستان تحریک انصاف نے جو کچھ کیا وہ انتہائی گٹھیا پن تھا، وہ حالات خراب کرنا چاہتے ہیں، تحریک انصاف کو ملک وقوم اور عوام سے کوئی دلچسپی نہیں ۔