اسلام آباد۔14ستمبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک کی ترقی اور خوشحالی میں خواتین کا قائدانہ کردار اہمیت کا حامل ہے، ملکی افرادی قوت میں خواتین کی شمولیت سے قومی معیشت میں 25 فیصد کا سالانہ اضافہ ہو سکتا ہے۔ بدھ کو یہاں بین الپارلیمانی یونین ایشیا پیسفک ریجن سیمینار کے پلینری سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی اور خوشحالی میں خواتین کا قائدانہ کردار اہمیت کا حامل ہے، ملکی افرادی قوت میں خواتین کی شمولیت سے قومی معیشت میں 25 فیصد کا سالانہ اضافہ ہو سکتا ہے کیونکہ اقتصادی ترقی اور نمو میں خواتین کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ اگرچہ صنفی مساوات کے اشاریوں میں پاکستان کی درجہ بندی کم ہے تاہم اب بلندی کی طرف سفر شروع ہوا ہے، پاکستانی خواتین مختلف شعبہ جات میں اپنا لوہا منوا رہی ہیں، پاکستان میں خواتین ان شعبوں میں بھی داخل ہو رہی ہیں جو ماضی میں مردوں کیلئے مخصوص تھے، اب خواتین پائلٹ، ماہر معاشیات اور سیاست کے میدان میں بھی اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افرادی قوت میں خواتین کی مؤثر شمولیت کیلئے ضروری ہے کہ انہیں مواقع فراہم کئے جائیں اور مواقع قانونی راستہ اختیار کرنے سے فراہم کئے جا سکتے ہیں، پاکستان سمیت خطہ کے ممالک میں اس حوالہ سے قانون سازی ہو رہی ہے، اس عمل میں ہمیں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کے خلاف امتیازی سلوک کے خاتمہ میں قانون سازی کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے لیبر فورس میں خواتین کی شمولیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس کیلئے ضروری ہے کہ خواتین کو کام کیلئے محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کیا جائے، اس کے ساتھ ساتھ فیصلہ سازی کے عمل میں خواتین کو مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک میں تعلیم یافتہ اور ہنر سے بہرہ مند خواتین بھی عملی میدان میں نہیں آتیں، اس رجحان کی حوصلہ شکنی کی ضرورت ہے اور یہ تب ممکن ہو سکتا ہے جب ہم خواتین کو کام کیلئے سازگار اور یکساں ماحول اور مواقع فراہم کریں۔