افراط زرکی شرح میں ہفتہ واربنیاد پر0.25 فیصد کمی، سالانہ بنیاد پر26.25 فیصداضافہ ہوا، ادارہ شماریات

148
Pakistan Bureau of Statistics
Pakistan Bureau of Statistics

اسلام آباد۔15ستمبر (اے پی پی):ملک میں افراط زرکی شرح میں گزشتہ ہفتے کے دوران ہفتہ واربنیادوں پر0.25 فیصدکی کمی جبکہ سالانہ بنیادوں پر26.25 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔پاکستان بیوروبرائے شماریات کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ ہفتہ واررپورٹ کے مطابق 14 ستمبرکوختم ہونے والے ہفتے میں ملک میں روزمرہ استعمال کے 8 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور19 کی قیمتوں میں استحکام رہا، اس کے برعکس 24 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

اعدادوشمارکے مطابق گزشتہ ہفتے چینی کی قیمت میں 9.11 فیصد، چکن 5.47 فیصد، انڈے 2.79 فیصد، کیلا0.86 فیصد، لپٹن چائے 0.59 فیصد، دال چنا0.57 فیصد، ایک کلوبناسپتی گھی 0.16 فیصد اور5 کلوکوکنگ آئل کی قیمت میں 0.10 فیصدکی کمی ہوئی، اس کے برعکس ٹماٹرکی قیمت میں 4.29 فیصد، لہس 4.21 فیصد، بریڈ3.92 فیصد، پیاز3.60 فیصد، دال مسور3.19 فیصد، نمک پاوڈر2.77 فیصد، شرٹنگ 1.68 فیصد، دال مونگ 1.66 فیصد، پرنٹڈ لان 1.32 فیصد، دال ماش 1.25 فیصد لانگ کلاتھز کی قیمت میں 1.18 فیصدکااضافہ ہوا۔

سب سے کم یعنی 17732 روپے ماہوارآمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں ہفتہ واربنیادوں پر0.21 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی، 17733 روپے سے 22888 روپے، 22889 روپے سے29517 روپے، 29518 روپے سے44175 اوراس سے زیادہ ماہوارآمدنی رکھنے والے گروپوں کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں بالترتیب 0.23 فیصد، 0.25 فیصد، 0.27 فیصد اور0.27 فیصد کمی ریکارڈکی گئی۔صارفین کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ کاتعین ملک کے 17 بڑے شہروں کی 50 مارکیٹوں میں 51 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں ردوبدل کی بنیادپرکیا جاتاہے۔