افغانستان۔پاکستان ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ اور دو طرفہ ترجیحی تجارتی معاہدہ پر تین روزہ مذاکرات شروع ہو گئے

اسلام آباد۔28دسمبر (اے پی پی):افغانستان۔پاکستان ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ (اے پی ٹی ٹی اے)اور دو طرفہ ترجیحی تجارتی معاہدہ (پی ٹی اے)پر تین روزہ مذاکرات اسلام آباد میں شروع ہو گئے ۔ پیر کو پاکستان افغانستان ٹرانزٹ ٹریڈ کوآرڈینشن اتھارٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت مشترکہ طور پر مشیر تجارت عبدالرزاق دائود اور افغان وزیر صنعت و تجارت نثار احمد فیضی غوریانی نے کی۔ پاک۔افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کوآپریشن اتھارٹی …

اسلام آباد۔28دسمبر (اے پی پی):افغانستان۔پاکستان ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ (اے پی ٹی ٹی اے)اور دو طرفہ ترجیحی تجارتی معاہدہ (پی ٹی اے)پر تین روزہ مذاکرات اسلام آباد میں شروع ہو گئے ۔ پیر کو پاکستان افغانستان ٹرانزٹ ٹریڈ کوآرڈینشن اتھارٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت مشترکہ طور پر مشیر تجارت عبدالرزاق دائود اور افغان وزیر صنعت و تجارت نثار احمد فیضی غوریانی نے کی۔ پاک۔افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کوآپریشن اتھارٹی اجلاس کے افتتاحی سیشن سے مشیر تجارت عبدالرزاق دائود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم افغانستان کے ساتھ ہر طرح سے رابطہ کاری چاہتے ہیں، ہم چاہتے ہیں ایک دوسرے کی گڈز اور گاڑیوں کو مکمل رسائی دیں اور افغانستان کے راستے سنٹرل ایشیا تک رسائی ہو۔ انہوں نے کہا کہ منگل کو ازبکستان کے وزیرٹرانسپورٹ بھی آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریجنل کونیکٹیویٹی کے لئے مثبت اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تجارت میں کمی آئی ہے لیکن گزشتہ دو ماہ سے اس میں دوبارہ بحالی ہو رہی ہے۔ افغان وزیرتجارت نثار احمد نے اپنے افتتاحی خطاب میں کہا کہ ٹرانزٹ ٹریڈ اتھارٹی اجلاس کے انعقاد پر پاکستان کے شکرگزار ہیں، اشرف غنی سمجھتے ہیں پاکستانی سرمایہ کار افغانستان میں سرمایہ کاری کریں،ہم ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کے مطابق چلنا چاہتے ہیں،ہم جنوبی ایشیائی مارکیٹ تک پاکستان کے راستے رسائی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں دونوں ممالک کے بہتر مستقبل کیلئے حاصل مواقع سے فائدہ اٹھانا ہوگا، بعض معاملات کا حل ہونا ضروری ہے، ہمیں آگے بڑھنے کیلئے ان معاملات کو حل کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان اور پاکستان مستقبل قریب میں دوطرفہ تجارتی معاھدے کو حتمی شکل دیں۔ افغان وزیر نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے شکرگزار ہیں جن کی قیادت میں بہت سے معاملات حل کئے گئے ، پاکستان اور افغانستان کے پاس تجارت میں بہتری کی بہت گنجائش ہے، امید ہے کہ مشترکہ اقتصادی تعاون اور اقتصادی ترقی کے وژن کیلئے کام کیا جائے گا۔ وفاقی سیکرٹری تجارت پاکستان صالح فاروقی نے افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا کہ دونوں ممالک تجارتی تعلقات کی مضبوطی کے خواہشمند ہیں،پاکستان دونوں ممالک کے بہتر اور مضبوط اقتصادی تعلقات کے ساتھ مکمل کمٹمنٹ رکھتا ہے،ہم پہلے ہی ترجیحی تجارتی معاہدے پر کام شروع کرچکے ہیں، تین روزہ اجلاس میں تمام تجارتی معاملات باہمی اتفاق سے حل کر لیں گے اور تعمیری بات چیت ہو گی ۔