اسلام آباد۔30دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے افغانستان میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کی مسلسل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان تنازعہ کا کوئی فوجی حل نہیں ہے، مذاکرات کے ذریعے سیاسی حل کی ضرورت ہے، افغانستان میں امن پورے علاقہ کیلئے فائدہ مند ثابت ہو گا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار افغانستان کے وزیر صنعت و تجارت نثار احمد فیضی غوریانی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ان سے بدھ کو یہاں ملاقات کی۔ وزیراعظم نے دونوں ممالک کے قریبی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے افغانستان امن و استحکام کیلئے پاکستان کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا۔ اپنے اس یقین کا اعادہ کرتے ہوئے کہ افغان تنازعہ کا کوئی فوجی حل نہیں ہے وزیراعظم نے افغان تنازعہ کے مذاکرات کے ذریعے سیاسی حل کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ تمام فریقین کو تشدد میں کمی کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے جس سے جنگ بندی میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی رابطہ کے فروغ اور اقتصادی تعاون کیلئے نئے مواقع کی فراہمی کے ذریعے افغانستان میں امن پورے علاقہ کیلئے فائدہ مند ثابت ہو گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان میں اقتصادی ہم آہنگی اور تعاون کی بڑی گنجائش ہے، تجارت اور معیشت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دے کر ان سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔ وزیراعظم نے مزار شریف۔کابل۔پشاور ٹرانس افغان ریلوے لائن منصوبہ کا ذکر کیا اور اس منصوبہ کیلئے مالی معاونت کے حصول کیلئے ازبکستان کی کوششوں میں پاکستان کی حمایت کو اجاگر کیا۔ اس سلسلہ میں وزیراعظم نے کہا کہ ازبکستان، افغانستان اور پاکستان کے سربراہان حکومت و سربراہان مملکت کی طرف سے مختلف بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے سربراہوں کے نام مشترکہ اپیل کے خط پر انہوں نے دستخط کئے ہیں۔ افغانستان کے وزیر تجارت نے وزیراعظم کو افغان صدر کی طرف سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور راہداری اور دوطرفہ تجارت سے متعلق امور پر پیشرفت کا ذکر کیا۔ انہوں نے افغان امن عمل میں سہولت کنندہ کی حیثیت سے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی روابط کے فروغ کیلئے افغانستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق دائود بھی موجود تھے۔ وزیر صنعت و تجارت نثار احمد فیضی غوریانی کی قیادت میں افغان وفد افغانستان۔پاکستان ٹرانزٹ ٹریڈ کوآرڈینیشن اتھارٹی کے 8ویں اجلاس میں شرکت کیلئے پاکستان کے دورہ پر ہے۔