اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کے زیر اہتمام ملیہ پارک میں خصوصی شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا گیا ،جس میں مختلف مذہبی و سماجی برادریوں کے نمائندوں نے شرکت کرتے ہوئے ماحول کو سرسبز و شاداب بنانے کے عزم کا اظہار کیا
اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کے زیر اہتمام ملیہ پارک میں خصوصی شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا گیا

مزید خبریں
راولپنڈی۔12اگست (اے پی پی):اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کے زیر اہتمام ملیہ پارک میں خصوصی شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا گیا ،جس میں مختلف مذہبی و سماجی برادریوں کے نمائندوں نے شرکت کرتے ہوئے ماحول کو سرسبز و شاداب بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ ترجمان ہارٹیکلچر ایجنسی کے مطابق شجرکاری مہم میں یونائیٹڈ پینٹکوسٹل چرچ اینڈ گلوبل کمیونٹی ڈویلپمنٹ، سیٹلائٹ ٹاؤن راولپنڈی کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔ پاسٹر پرویز فیلپ، امون پرویز اور دیگر شرکاء نے ملیہ پارک میں پودے لگائے۔ اس موقع پر شرکاء نے درختوں کی حفاظت، شہری علاقوں میں زیادہ سے زیادہ پودے لگانے اور ماحول کو صاف، سرسبز اور خوبصورت بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
ترجمان نے کہا کہ شجرکاری نہ صرف ماحول کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے بلکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کم کرنے اور آنے والی نسلوں کے لیے صحت مند ماحول کی فراہمی کا بھی مؤثر ذریعہ ہے۔ اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر مختلف مذہبی برادریوں کے نمائندوں کی جانب سے شجرکاری مہم میں شرکت کو بین المذاہب ہم آہنگی، قومی یکجہتی اور ماحول دوست معاشرے کے فروغ کی مثبت اور خوبصورت مثال قرار دیا گیا۔ ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی نے شہریوں، سول سوسائٹی اور مختلف مذہبی و سماجی اداروں پر زور دیا کہ وہ شجرکاری مہمات میں بھرپور حصہ لیں اور لگائے گئے پودوں کی نگہداشت کو بھی یقینی بنائیں تاکہ راولپنڈی کو مزید سرسبز، خوبصورت اور ماحول دوست شہر بنایا جا سکے۔








