دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ریاستی عزم غیر متزلزل ہے،وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع سوراب میں دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز اور بلوچستان پولیس کی مؤثر کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ریاستی عزم غیر متزلزل ہے، قوم اور سکیورٹی فورسز مل کر دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا مکمل صفایا کریں گے ۔

کوئٹہ۔ 12 اگست (اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع سوراب میں دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز اور بلوچستان پولیس کی مؤثر کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ریاستی عزم غیر متزلزل ہے، قوم اور سکیورٹی فورسز مل کر دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا مکمل صفایا کریں گے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردوں کا اپنے ہی تیار کردہ بارودی مواد کی زد میں آنا اس بات کا ثبوت ہے کہ دہشت گرد عناصر کس قدر خطرناک اور تباہ کن منصوبوں میں مصروف ہیں۔ ریاست دشمن عناصر عوام کے جان و مال اور امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں، تاہم سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ان کے مذموم عزائم ناکام بنانے کے لیے پوری طرح متحرک ہیں۔

میر سرفراز بگٹی نے سوراب میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران 18 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز اور بلوچستان پولیس کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف بروقت اور مؤثر کارروائی قابلِ تعریف ہے، جبکہ آپریشن کے دوران زخمی ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کی بہادری اور قربانیوں کو بھی قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔وزیراعلیٰ نے دہشت گردی کے واقعے میں تین شہریوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہ شہریوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ حکومت متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے اور ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام امن، ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں، جبکہ دہشت گرد عناصر صوبے کے عوام کو ترقی کے سفر سے محروم کرنا چاہتے ہیں۔

ایسے عناصر نہ بلوچستان کے خیرخواہ ہیں اور نہ ہی عوام کے نمائندہ۔ ان کا ایجنڈا صرف بدامنی، خوف اور تباہی پھیلانا ہے ۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔سکیورٹی فورسز، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان مربوط کارروائیوں کے ذریعے دہشت گردوں کے نیٹ ورک، ان کے سہولت کاروں اور معاونت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان امن و امان کے قیام کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کیے ہوئے ہے۔ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، مؤثر نگرانی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار میں مزید اضافہ کیا جا رہا ہے ۔

وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ ریاست دہشت گردی کے سامنے کسی صورت نہیں جھکے گی۔ بلوچستان کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف بے مثال قربانیاں دی ہیں اور اب صوبے کو پائیدار امن کی طرف لے جانا ہمارا مشترکہ عزم ہے ۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف سکیورٹی فورسز کی نہیں بلکہ پوری قوم کی جنگ ہے۔

عوام مشکوک سرگرمیوں اور عناصر کی نشاندہی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں تاکہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن کے دشمنوں کے لیے کوئی جگہ نہیں، ریاست اپنی رٹ ہر صورت برقرار رکھے گی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔