مشیرِ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ حکومتِ خیبرپختونخوا ثمر ہارون بلور نے کہا ہے کہ 27 اکتوبر 1947 کا دن تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے
اقوامِ متحدہ اور عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے موثرکردار ادا کریں،ثمرہارون بلور

مزید خبریں
پشاور۔ 27 اکتوبر (اے پی پی):مشیرِ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ حکومتِ خیبرپختونخوا ثمر ہارون بلور نے کہا ہے کہ 27 اکتوبر 1947 کا دن تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے، یومِ سیاہ کشمیر منانے کا مقصد کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی اور ان کے حقِ خودارادیت کو اجاگر کرنا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ریڈیو پاکستان پشاور کے دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ثمر ہارون بلور نے کہا کہ آزادی اور حقِ خودارادیت کے حصول کیلئے کشمیری خواتین، بزرگوں اور بچوں نےلازوال قربانیاں دیں ،جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو بھی دنیا کی دیگر اقوام کی طرح اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا حق ملنا چاہیے، اقوامِ متحدہ اور عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ان کوحقِ خودارادیت کی فراہمی کے لیے مؤثر کردار ادا کریں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستانی قوم کی جانب سے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت اور ان کے ساتھ یکجہتی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری دعائیں اور کوششیں کشمیری عوام کی آزادی اور حقِ خودارادیت کے لیے مزید مضبوط ہونی چاہئیں، ہمیں یقین ہے کہ وہ دن ضرور آئے گا جب کشمیری عوام آزادی اور امن کی فضا میں سانس لیں گے، کشمیر بنے گا پاکستان، ہمارا پختہ یقین ہے۔ریڈیو پاکستان پشاور کی عمارت پر حملے اور وہاں جلنے کے آثار کا ذکر کرتے ہوئے ثمر ہارون بلور نے کہا کہ یہ مناظر ایک المناک دور کی یاد دلاتے ہیں، ریڈیو پاکستان کو دوبارہ فعال اور مستحکم بنانا ہمارے قومی عزم، حوصلے اور اجتماعی جدوجہد کی علامت ہے، ریڈیو پاکستان ہمارا قومی اثاثہ ہے اور اس کی تاریخی اہمیت، قومی ورثے اور قیمتی تاریخی ریکارڈ کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔مشیرِ اطلاعات نے ریڈیو پاکستان پشاور کے تاریخی آرکائیوز کا دورہ کیا اور وہاں محفوظ ریکارڈ کا جائزہ لیا۔ انہوں نے قومی ورثے کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے تاریخی دستاویزات اور ریکارڈ کے تحفظ پر زور دیا۔ انہوں نے ریڈیو پاکستان کے پوڈکاسٹ اسٹوڈیو کا بھی دورہ کیا اور ادارے کی ابلاغی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ثمر ہارون بلور نے پاکستان انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) اور ڈی ای ایم پی کے دفاتر کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی ڈی اور ڈی ای ایم پی نے یومِ سیاہ کشمیر کے حوالے سے میڈیا نمائندگان اور متعلقہ حکام کو اکٹھا کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کے اظہار اور ان کی جدوجہد کو اجاگر کرنے کے لیے ایسی سرگرمیاں اہمیت کی حامل ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی جانب سے کشمیری عوام پر ہونے والے مظالم کو اجاگر کرنا اور ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، میڈیا سمیت تمام متعلقہ اداروں کو چاہیے کہ وہ کشمیری عوام کی آواز عالمی برادری تک پہنچانے اور مسئلہ کشمیر کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔مشیرِ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ ثمر ہارون بلور نے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت اور آزادی کے لیے حمایت اور یکجہتی جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور امید ظاہر کی کہ ان شا اللہ وہ دن ضرور آئے گا جب کشمیری عوام آزادی کا سورج دیکھیں گے۔








