وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نےملاقات کی اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔پیپلز پارٹی میڈیا سیل سے جاری بیان
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین کی ملاقات ،اہم امور پر تبادلہ خیال

مزید خبریں
اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نےملاقات کی اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔پیپلز پارٹی میڈیا سیل سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار، معاونِ خصوصی سید قاسم نوید، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری آغا واصف، چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ ریئر ایڈمرل (ر) شاہد احمد، سیکرٹری صحت طاہر سانگی اور این آئی سی وی ڈی کے پروفیسر ڈاکٹر ایم اسد بلال اعوان بھی موجود تھے۔
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے امراضِ قلب کے ہسپتال کی بہتری کے لئے سندھ حکومت سے تعاون کی درخواست کی۔وزیراعلیٰ سندھ نے گلگت بلتستان کے امراضِ قلب کے ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے لئے این آئی سی وی ڈی کو تعاون کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان حکومت ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے لئے این آئی سی وی ڈی کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرے۔ انہوں نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی گلگت بلتستان میں امراضِ قلب کے علاج کی سہولیات بہتر بنانے میں معاونت کرے گا۔
ملاقات میں گلگت بلتستان میں ریونیو بورڈ کے قیام کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔وزیراعلیٰ سندھ نے چیئرمین سندھ ریونیو بورڈ کو گلگت بلتستان حکومت سے مکمل معاونت کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں ریونیو نظام کو مؤثر بنانے کے لئے سندھ حکومت تعاون کرے گی،سندھ اور گلگت بلتستان کے درمیان ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں گلگت بلتستان میں سیلاب متاثرین کے گھروں کی تعمیر کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان میں سیلاب متاثرین کے گھروں کی تعمیر کی ہدایت کی تھی۔سندھ پیپلز ہائوسنگ کی ٹیم نے گلگت بلتستان کی انتظامیہ کے ساتھ مل کر سروے کا کام شروع کیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے سربراہ ایس پی ایچ خالد شیخ کو گلگت بلتستان میں جنوری یا فروری میں گھروں کی تعمیر کا کام شروع کرنے کی ہدایت کی۔







