بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے صدر و قائم مقام ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے کہا ہے کہ جامعہ کی ڈیجیٹل تبدیلی کے منصوبے کے تحت سعودی عرب کی امام محمد بن سعود اسلامی یونیورسٹی سے 1300 کمپیوٹرز جلد بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی پہنچ جائیں گے جس سے تدریسی، تحقیقی اور تعلیمی سرگرمیوں کو مزید تقویت ملے گی
بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کو سعودی جامعہ سے 1300 کمپیوٹرز فراہم کیے جائیں گے، صدر جامعہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے صدر و قائم مقام ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے کہا ہے کہ جامعہ کی ڈیجیٹل تبدیلی کے منصوبے کے تحت سعودی عرب کی امام محمد بن سعود اسلامی یونیورسٹی سے 1300 کمپیوٹرز جلد بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی پہنچ جائیں گے جس سے تدریسی، تحقیقی اور تعلیمی سرگرمیوں کو مزید تقویت ملے گی۔ جامعہ کے صدر نے فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے دورے کے دوران داخلوں میں نمایاں اضافے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پیش رفت فیکلٹی کی تعلیمی ترقی اور اساتذہ کی محنت کا ثبوت ہے۔ اس موقع پر نائب صدر برائے تحقیق و انٹرپرائز پروفیسر ڈاکٹر احمد شجاع سید بھی ان کے ہمراہ تھے۔ فیکلٹی کے ڈین ڈاکٹر محمد عامر اور مختلف شعبہ جات کے سربراہان نے صدر جامعہ کا استقبال کیا اور انہیں فیکلٹی کی کارکردگی، تعلیمی پروگراموں اور طلبہ کے داخلوں میں اضافے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ فیکلٹی میں طلبہ کے داخلوں کی تعداد 2023 میں 321 تھی، جو 2026 کے موسم خزاں میں بڑھ کر 820 ہو گئی ہے۔ اس طرح داخلوں میں 155 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ڈین نے بتایا کہ مصنوعی ذہانت اور سائبر سکیورٹی کے شعبوں میں 2025 میں شروع کیے گئے بی ای ٹیکنالوجی پروگراموں کو طلبہ کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔ الیکٹریکل اینڈ کمپیوٹر انجینئرنگ کا شعبہ داخلوں میں سب سے زیادہ حصہ رکھتا ہے، جبکہ سول انجینئرنگ میں بھی 2024 سے مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے فیکلٹی کی ترقی اور داخلوں میں اضافے کو سراہتے ہوئے ڈین، شعبہ جات کے سربراہان اور اساتذہ کی کاوشوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ کمپیوٹرز کی فراہمی سمیت دیگر اقدامات سے جامعہ میں تدریس، تحقیق اور طلبہ کے سیکھنے کے عمل کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر احمد شجاع سید نے بھی فیکلٹی کی پیش رفت کو سراہا اور انجینئرنگ کے طلبہ کے لیے تحقیق، جدت اور صنعتی شعبے کے ساتھ روابط کی اہمیت پر زور دیا۔ قبل ازیں صدر جامعہ نے مختلف شعبہ جات کی تجربہ گاہوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے دستیاب آلات اور سہولیات میں گہری دلچسپی لی اور اساتذہ و طلبہ سے تبادلہ خیال کیا۔








