اقوام متحدہ ۔20اگست (اے پی پی):اقوام متحدہ نے بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے لئے اپنی مکمل حمایت کا اظہار کیا ہے ۔ ڈھاکا ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوترش نے بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر محمد یونس کو لکھے گئے خط میں اس امید کا اظہار کیا کہ عبوری حکومت ملک سے تشدد کا خاتمہ ، احتساب یقینی اور امن و امان بحال کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ آپ کی حکومت نوجوانوں اور خواتین کے ساتھ ساتھ اقلیتی اور مقامی برادریوں کی آوازوں کو بھی مدنظر رکھتے ہوئے ایک جامع طریقہ اختیار کرے گی، میں بنگلہ دیش کی عبوری حکومت پر بھروسہ کرتا ہوں کہ وہ تمام شہریوں اور خاص طور پر اقلیتوں کے مکمل تحفظ کو یقینی بنائے، آپ سے پرزور اپیل کرتا ہوں کہ میانمار میں بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر روہنگیا پناہ گزینوں کی بہبود کو یقینی بنائیں ۔اقوام متحدہ کے سربراہ نے کہا کہ بنگلہ دیش کی تاریخ کےاس اہم لمحے پرعالمی ادارہ ملک میں جامع اور خوشحال جمہوریت کی تعمیر کی کوششوں کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے بنگلہ دیش کےعوام کے مفاد کے لئے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر اور اقوام متحدہ کی کنٹری ٹیم کے ذریعے مسلسل تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے عبوری حکومت کے ساتھ عالمی ادارے کے تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔