اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے لیے 15 ممالک منتخب

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے انسانی حقوق کونسل کے نئے ارکان کے طور پر 15 ممالک کو منتخب کر لیا ہے، جن کی تین سالہ مدت یکم جنوری 2027 سے شروع ہوگی

اقوام متحدہ ۔14اکتوبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے انسانی حقوق کونسل کے نئے ارکان کے طور پر 15 ممالک کو منتخب کر لیا ہے، جن کی تین سالہ مدت یکم جنوری 2027 سے شروع ہوگی۔شنہوا کے مطابق خفیہ رائے شماری کے ذریعے منتخب ہونے والے ممالک میں افریقی خطے سے برونڈی، گھانا، نائیجیریا اور زیمبیا؛ ایشیا پیسیفک خطے سے جاپان، اردن، کویت اور نیپال؛ مشرقی یورپ سے مالدووا اور یوکرین؛ لاطینی امریکا اور کیریبین سے برازیل، ڈومینیکن ریپبلک اور یوراگوئے جبکہ مغربی یورپ اور دیگر ممالک کے گروپ سے جرمنی اور آئرلینڈ شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق اس سال تمام 15 امیدوار ممالک بلا مقابلہ انتخابی عمل میں شریک تھے۔ برونڈی، گھانا، جاپان، کویت، برازیل اور ڈومینیکن ریپبلک دوبارہ منتخب ہوئے ہیں۔جنیوا میں قائم اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل دنیا بھر میں انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ کی ذمہ دار بین الحکومتی تنظیم ہے، جس کے مجموعی ارکان کی تعداد 47 ہے۔ کونسل کے تقریباً ایک تہائی ارکان ہر سال تین سالہ مدت کے لیے منتخب کیے جاتے ہیں تاکہ ادارے کے کام میں تسلسل برقرار رہے۔کونسل میں جغرافیائی نمائندگی میں توازن یقینی بنانے کے لیے افریقی ممالک کے لیے 13، ایشیا پیسیفک کے لیے 13، مشرقی یورپ کے لیے 6، لاطینی امریکا اور کیریبین کے لیے 8 جبکہ مغربی یورپ اور دیگر ممالک کے لیے 7 نشستیں مختص ہیں۔