اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں آبنائے ہرمز سے متعلق بحرینی قرارداد پر ووٹنگ آج ہو گی

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل آج منگل کو بحرین کی جانب سے پیش کردہ ایک ترمیم شدہ قرارداد پر ووٹنگ کرے گی، جس کا مقصد آبنائے ہرمز میں بحری آمد و رفت کی بحالی کو یقینی بنانا ہے۔ی

اقوام متحدہ ۔7اپریل (اے پی پی):اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل آج منگل کو بحرین کی جانب سے پیش کردہ ایک ترمیم شدہ قرارداد پر ووٹنگ کرے گی، جس کا مقصد آبنائے ہرمز میں بحری آمد و رفت کی بحالی کو یقینی بنانا ہے۔یہ قرارداد ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملوں کے بعد آبنائے ہرمز میں جہاز رانی شدید متاثر ہوئی ہے۔حتمی مسودے میں طاقت کے استعمال کی واضح اجازت شامل نہیں کی گئی، بلکہ رکن ممالک کو دفاعی نوعیت کے اقدامات اور باہمی تعاون کے ذریعے تجارتی اور تجارتی جہازوں کی حفاظت یقینی بنانے کی ترغیب دی گئی ہے۔ یہ تبدیلی چین، روس اور فرانس کی جانب سے ابتدائی مسودے پر اعتراضات کے بعد کی گئی۔

15 رکنی سلامتی کونسل کا اجلاس امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کو آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے دی گئی تازہ ڈیڈ لائن کے چند گھنٹوں بعد منعقد ہوگا۔یہ قرارداد بحرین کی جانب سے پیش کی گئی ہے، جو اپریل کے مہینے میں سلامتی کونسل کی صدارت بھی کر رہا ہے، جبکہ اسے خلیجی عرب ممالک اور امریکا کی حمایت حاصل ہے۔قرارداد میں ایران سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر تجارتی جہازوں پر حملے اور آبنائے ہرمز میں نقل و حمل میں رکاوٹ ڈالنے کی تمام کارروائیاں بند کرے۔مزید برآں، مسودے میں شہری پانی، تیل اور گیس کے بنیادی ڈھانچے پر حملوں کے خاتمے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔