اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، برطانیہ، قطر ، جاپان ، آسڑیلیا اور نیوزی لینڈ کا امریکا ایران معاہدے کا خیر مقدم

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس، برطانیہ کے وزیرِ اعظم سر کیئر سٹارمر ، قطر کے وزیرِ اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم الثانی ،جاپان کی وزیرِ اعظم سانائے تکائیچی ،آسٹریلیا کے وزیرِ اعظم انتھونی البانیز اور نیوزی لینڈ کے وزیرِ خارجہ وِنسٹن پیٹرز نے امریکا اور ایران کے درمیان امن معاہدے کو اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے اس کا خیر مقدم کیا ہے ، برطانوی اور …

لندن۔15جون (اے پی پی):اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس، برطانیہ کے وزیرِ اعظم سر کیئر سٹارمر ، قطر کے وزیرِ اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم الثانی ،جاپان کی وزیرِ اعظم سانائے تکائیچی ،آسٹریلیا کے وزیرِ اعظم انتھونی البانیز اور نیوزی لینڈ کے وزیرِ خارجہ وِنسٹن پیٹرز نے امریکا اور ایران کے درمیان امن معاہدے کو اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے اس کا خیر مقدم کیا ہے ، برطانوی اور قطری وزیرخارجہ نے امن معاہدے میں بطور ثالث پاکستان کے کردار کو بھی سراہا ہے۔ بی بی سی کے مطابق برطانیہ کے وزیرِ اعظم سر کیئر سٹارمر نے امن معاہدے کو نہایت اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔ ایران کے ساتھ امن معاہدے کی خبر پر ردِعمل میں انہوں نے اسے جنگ کے خاتمے، علاقائی استحکام کے قیام اور آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کی جانب ایک نہایت اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔

برطانوی وزیر اعظم نے کہا کہ میں امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ، پاکستان اور قطر سمیت دیگر ممالک کے ثالثوں کو اس اہم پیش رفت میں کردار ادا کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ہم طویل عرصے سے کشیدگی میں کمی کے خواہاں تھے اور یہ وہ پیش رفت ہے جس کی ہمیں امید تھی۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہم واضح کرتے ہیں کہ اب آبنائے ہرمز میں بلامعاوضہ اور آزادانہ جہاز رانی کی بحالی ناگزیر ہے، تاکہ گذشتہ کئی ماہ سے برطانیہ اور دنیا بھر پر پڑنے والے شدید معاشی اثرات میں کمی آ سکے۔

برطانوی وزیراعظم نے کہا کہ ہم اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر اس عمل کی حمایت جاری رکھیں گے، جس میں ضرورت پڑنے پر دفاعی اور خودمختار کثیرالجہتی مشن کا قیام بھی شامل ہو سکتا ہے خصوصاً بارودی سرنگوں کی صفائی کے حوالے سے متفقہ تعاون کی فراہمی ،جس کی منصوبہ بندی میں برطانیہ اور فرانس اب تک قائدانہ کردار ادا کرتے رہے ہیں۔انھوں نے زور دے کر کہا کہ پائیدار امن کے لیے یہ نہایت ضروری ہے کہ کیے گئے وعدے، بالخصوص ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق، مضبوط، قابلِ تصدیق اور مکمل طور پر نافذ العمل ہوں۔ برطانیہ کا مؤقف مستقل اور واضح ہے کہ ایران کو کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیا جانا چاہیے۔

قطر کے وزیرِ اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم الثانی نے امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والے امن معاہدے کا خیرمقدم کیا ہے۔انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ہم اسلامی جمہوریہ پاکستان میں اپنے بھائیوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ ہم اس بات کے منتظر ہیں کہ تمام فریق آئندہ مذاکرات میں مثبت اور تعمیری جذبے کے ساتھ شریک ہوں، تاکہ اس پیش رفت کو مستحکم کیا جا سکے اور اسے آگے بڑھایا جا سکے۔اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اس اعلان کا خیرمقدم کیا ہے کہ امریکہ اور ایران ایک امن معاہدے پر متفق ہو گئے ہیں جو یہ تنازع کے پُرامن حل کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

جاپان کی وزیرِ اعظم سانائے تکائیچی نے بھی اس معاہدے کو سراہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جاپان کو امید ہے کہ آبنائے ہرمز کے ذریعے آزادانہ اور محفوظ جہاز رانی کو عملی طور پر یقینی بنایا جائے گا، اور ایران کے جوہری مسئلے اور دیگر معاملات پر جلد از جلد حتمی معاہدہ طے پا جائے گا۔ آسٹریلیا کے وزیرِ اعظم انتھونی البانیز نے کہا ہے کہ انھیں امید ہے یہ معاہدہ پائیدار اور دیرپا امن کا باعث بنے گا۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ آبنائے پرمز سے جہازوں کی آمد و رفت کی مکمل بحالی میں وقت لگے گا مگر اس اہم تجارتی راستے کی بحالی توانائی کی قیمتوں اور معیشتوں پر دباؤ کم کرنے کے لیے نہایت ضروری ہے۔

نیوزی لینڈ کے وزیرِ خارجہ وِنسٹن پیٹرز نے اس معاہدے کو اہم اور تعمیری قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کشیدگی کم کرنے اور ایک ایسے خطے میں استحکام کو فروغ دینے کی جانب قدم ہے جو عالمی معاشی سلامتی کے لیے نہایت اہم ہے۔