اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے امن مشنز میں جامع اصلاحات کا مطالبہ کیا ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا امن مشنز میں جامع اصلاحات کا مطالبہ

مزید خبریں
اقوام متحدہ۔19ستمبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے امن مشنز میں جامع اصلاحات کا مطالبہ کیا ہے۔ اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق اقوام متحدہ کی امن کارروائیوں سے متعلق سلامتی کونسل کے مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ امن مشنز ایک ایسا سیاسی ذریعہ رہنے چاہئیں جو سیاسی حل کی حمایت کریں، ان کی جگہ نہ لیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ تنازعات مزید پیچیدہ ہو رہے ہیں، امن معاہدوں میں کمی، شہریوں اور امن اہلکاروں پر بڑھتے حملوں، ڈرونز جیسی ابھرتی ٹیکنالوجیز، مصنوعی ذہانت کے ذریعے پھیلائی جانے والی گمراہ کن معلومات اور وسائل میں کمی جیسے مسائل سامنے آ رہے ہیں۔انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ زمینی حالات بدل چکے ہیں، لیکن اکثر ہمارے مینڈیٹ تبدیل نہیں ہوئے اور اقوام متحدہ کے امن مشنز میں جامع اصلاحات کا مطالبہ کیا۔ انتونیو گوتریس نے پانچ ترجیحات بیان کیں، جن میں قیام امن کو اولین ترجیح دینا، میزبان ممالک کے ساتھ مضبوط شراکت داری قائم کرنا، موجودہ حقائق کے مطابق مینڈیٹ میں تبدیلی، مناسب وسائل اور ٹیکنالوجی کے ذریعے امن مشنز کو بااختیار بنانا اور علاقائی تنظیموں کے ساتھ تعاون کو مضبوط کرنا شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ جہاں امن قائم ہی نہ ہو، وہاں ہم امن برقرار نہیں رکھ سکتے اور سلامتی کونسل پر زور دیا کہ وہ تنازعات کی روک تھام اور سیاسی حل کی حمایت کے لیے اتحاد کا مظاہرہ کرے۔اختتام پر انہوں نے کہا کہ امن باہر سے مسلط نہیں کیا جا سکتااور دیرپا امن کے راستے پیدا کرنے کے لیے امن، احتساب اور اجتماعی اقدامات میں دوبارہ سرمایہ کاری کی ضرورت پر زور دیا۔







