اقوام متحدہ کے کنونشن کے فریق ملکوں کی کانفرنس کا آٹھواں اجلاس ،بدعنوانی کی روک تھام کیلئے پاکستان کی قرارداد متفقہ طورپر منظور

اسلام آباد ۔ 21 دسمبر (اے پی پی) اقوام متحدہ کے کنونشن کے فریق ملکوں کی کانفرنس کے آٹھویں اجلاس میں بدعنوانی کی روک تھام اوراس سے نمٹنے کیلئے پارلیمنٹس کے کردار کو مستحکم بنانے سے متعلق پاکستان کی پیش کردہ قرارداد کو متفقہ طورپر منظور کر لیا گیا۔ ہفتہ کو ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس 16سے 20دسمبر تک متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں منعقد ہوا۔ ترجمان …

اسلام آباد ۔ 21 دسمبر (اے پی پی) اقوام متحدہ کے کنونشن کے فریق ملکوں کی کانفرنس کے آٹھویں اجلاس میں بدعنوانی کی روک تھام اوراس سے نمٹنے کیلئے پارلیمنٹس کے کردار کو مستحکم بنانے سے متعلق پاکستان کی پیش کردہ قرارداد کو متفقہ طورپر منظور کر لیا گیا۔ ہفتہ کو ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس 16سے 20دسمبر تک متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں منعقد ہوا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان کا یہ اقدام بدعنوانی سے نمٹنے کیلئے وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ہے۔ متفقہ قرار داد کی منظوری بدعنوانی کیخلاف جنگ میں پاکستان کے نمایاں کردارپر عالمی برادری کی جانب سے اعتماد کا اظہار ہے۔ قرارداد میں ملکوں پرزوردیاگیا کہ اچھے اقدامات کے فروغ کیلئے پارلیمانی اداروں کے درمیان تبادلوں کو فروغ دیاجائے گا تاکہ متعلقہ ملکوں میں قانون سازی پرعملدرآمد کیلئے پارلیمانوں کے کردار کومضبوط بنایاجائے۔اس سلسلے میں منشیات و جرائم سے متعلق اقوام متحدہ کے ادارے(یو این او ڈی سی) کو ہر قسم کی بدعنوانی سے نمٹنے کیلئے پارلیمانوں کے کردار کو مستحکم کرنے کی غرض سے بین الاپارلیمانی یونین(آئی پی یو) کے اشتراک سے موضوعاتی ڈائیلاگ منعقد کرانے کا مینڈیٹ دیا گیا۔ترجمان نے کہا کہ قبل ازیں وزارت خارجہ امور اور ویانا میں پاکستان مشن نے قرارداد پر اتفاق رائے کے حصول کیلئے مشاورتی عمل کامیابی سے مکمل کیا تھا۔ترجمان کاکہنا ہے کہ پاکستان نے اس اقدام سے عالمی برادری کی توجہ اس جانب مبذول کرایا ہے کہ پارلیمنٹس بدعنوانی کیخلاف مہم میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

مزید خبریں