بھکر۔10 نومبر (اے پی پی):الخدمت فا ؤنڈیشن ہرقسم کی تفریق سے بالاترہوکر محض انسانیت کی خدمت کیلئے سرگرم عمل ہے، قدرتی آفات ہوں یا انسانی معاشرہ کی دوسری ضروریات، ہمیشہ الخدمت فائونڈیشن نے پہلی صف میں رہ کردار ادا کیا ہے،
یہ بات الخدمت فائونڈیشن کے ضلعی صدر پروفیسر ملک خضرحیات چھینہ نے گذشتہ روز معذور خواتین وحضرات میں وہیل چیئر تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ الخدمت فائونڈیشن بلاتھکان محض انسانیت کی خدمت کیلئے برسرپیکار ہے اس کے تحت ضلع بھکر میں کئی سو یتیم بچوں کی کفالت کی جارہی ہے ،بیوہ خواتین کی سہولت کیلئے جلد ہی پروگرام لانچ کرنے کیلئے مشاورت کی جارہی ہے جس کے تحت رجسٹریشن کاعمل مکمل کرنے کے بعد خواتین کی فلاح وبہبود اوردیگرضروریات کے حوالے سے فیصلہ کیاجائیگا۔
انہوں نے کہا کہ سیلابی صورتحال ہویا عام حالات ہمیشہ الخدمت فائونڈیشن نے بڑھ چڑھ کر کرداراداکیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت فائونڈیشن کے تحت ہم نے ڈونرز کے خصوصی تعاون سے فری میڈیکل کیمپ لگائے جس میں مردوخواتین مریضوں کو مفت ادویات تقسیم کی گئی ہیں یہ محض رضائے الہٰی کے لئے تھا۔ اس موقع پر ضلعی امیر جماعت اسلامی سید افتخارحسین شاہ نے کہا کہ جو کام حکومتوں کے کرنے کے ہیں وہ کام الخدمت فائونڈیشن کررہی ہے بحیثیت پاکستانی شہری ہرشخص کو بنیادی سہولیات اورضروریات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے لیکن جونہی حکومت اپنے فرائض سے پہلو تہی کرتی ہے تو پھر الخدمت فائونڈیشن جیسی تنظیم کو میدان میں آنا پڑتاہے ۔
اس تنظیم نے بلاتفریق مذہب ونسل وسیاسی عقائد ہمیشہ مثبت کردار اداکیا ہے جس کی وجہ سے قوم اس کے کردار پرآنکھ بند کرکے یقین رکھتی ہے۔ تقریب میں شریک مہمانوں نے معذور بچوں، خواتین میں وہیل چیئرز بھی تقسیم کیں، اس موقع پر ضلعی نائب امیر جماعت اسلامی پروفیسر محمدیوسف چھینہ ۔ الخدمت فاونڈیشن ضلع بھکر کے نائب صدر محمد اکرم خان ۔ سکیرٹری جنرل انجمن تاجران ملک عاشق حسین کھوکھر ۔ قیصر اقبال کروڑی ۔ نوید رضا ہاشمی سمیت دیگرشخصیات موجودتھیں۔