الپائن کلب آف پاکستان (اے سی پی) نے خواتین میں کوہ پیمائی، ایڈونچر سپورٹس اور آئوٹ ڈور قیادت کو فروغ دینے کے لیے دوسری ویمن خوسر گینگ مہم 2026 کا اعلان کر دیا ہے۔ اس مہم کے دوران کوہ پیما خوسر گینگ (6040 میٹر) کی چوٹی سر کریں گی جو قراقرم کے سلسلے میں بلتستان کی خوبصورت وادی شگر میں واقع ہے
الپائن کلب آف پاکستان نے دوسری ویمن خوسر گینگ (6040 میٹر) مہم 2026 کا اعلان کر دیا
اسلام آباد۔22جون (اے پی پی):الپائن کلب آف پاکستان (اے سی پی) نے خواتین میں کوہ پیمائی، ایڈونچر سپورٹس اور آئوٹ ڈور قیادت کو فروغ دینے کے لیے دوسری ویمن خوسر گینگ مہم 2026 کا اعلان کر دیا ہے۔ اس مہم کے دوران کوہ پیما خوسر گینگ (6040 میٹر) کی چوٹی سر کریں گی جو قراقرم کے سلسلے میں بلتستان کی خوبصورت وادی شگر میں واقع ہے۔ الپائن کلب آف پاکستان نے اپنی گولڈن جوبلی تقریبات کے دوران باری لا پر پہلی مکمل خواتین پر مشتمل کامیاب مہم کے بعد خواتین کو کوہ پیمائی کے میدان میں بااختیار بنانے کے عزم کو مزید مضبوط کیا ہے۔ باری لا مہم میں پاکستان کے تمام صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والی باصلاحیت خواتین کوہ پیمائوں نے شرکت کی جسے قومی اور بین الاقوامی سطح پر بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی۔ اسی کامیابی کو آگے بڑھاتے ہوئے، الپائن کلب آف پاکستان نے اپنی دوسری خصوصی خواتین مہم کے لیے خوسر گینگ کو ہدف مقرر کیا ہے۔ شرکا کا انتخاب معروف پاکستانی کوہ پیما نیلہ کیانی کی سربراہی میں تجربہ کار خواتین کوہ پیمائوں کی کمیٹی نے شفاف طریقہ کار کے تحت کیا۔
اس مہم کا مقصد خواتین کوہ پیمائوں کو بلند پہاڑوں پر کوہ پیمائی کا عملی تجربہ فراہم کرنا، ان میں قائدانہ صلاحیتیں پیدا کرنا اور پاکستان بھر میں خواتین کی ایڈونچر سپورٹس میں زیادہ سے زیادہ شرکت کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ منتخب شرکا میں زیبا بتول (گلگت بلتستان)، بی بی افزوں (گلگت بلتستان)، عمارہ شریف (اسلام آباد)، اسماء بشیر بنگش (خیبر پختونخوا)، بسمہ حسن (پنجاب)، سعدیہ مقبول (پنجاب)، نتاشا فتح محمد (سندھ)، بی بی ملکہ (بلوچستان) اور لائبہ شکیل (آزاد جموں و کشمیر) شامل ہیں ۔ ٹیم جولائی 2026ء کے پہلے ہفتے میں سکردو سے روانہ ہوگی جبکہ مہم کی تمام منصوبہ بندی، رابطہ کاری اور انتظامات الپائن کلب آف پاکستان کی جانب سے انجام دیئے جائیں گے۔ اس موقع پر الپائن کلب آف پاکستان کی قیادت نے کوہ پیمائی، ایڈونچر ٹورازم، ماحولیاتی آگاہی اور آئوٹ ڈور کھیلوں میں صنفی شمولیت کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔ کلب نوجوان پاکستانیوں خصوصاً خواتین کو ملک کے شاندار پہاڑی ماحول میں اپنی صلاحیتیں منوانے کے مزید مواقع فراہم کرتا رہے گا۔ اس کے علاوہ الپائن کلب آف پاکستان ستمبر 2026ء میں کے ٹو بلتورو کلین اپ مہم 2026 بھی منعقد کرے گا۔ اس ماحولیاتی اقدام کا مقصد پہاڑی ماحول کا تحفظ، ٹریکنگ راستوں سے کچرے کی صفائی اور ذمہ دارانہ پہاڑی سیاحت و تحفظ ماحول کے حوالے سے عوامی شعور اجاگر کرنا ہے۔
الپائن کلب آف پاکستان کا موقف ہے کہ پاکستان کے بلند و بالا پہاڑ ملک کا قیمتی قدرتی سرمایہ ہیں اور کلب آئندہ نسلوں کے لیے ان کے تحفظ کے اپنے مشن پر کاربند رہے گا۔









