الیکشن کمیشن آف پاکستان کے 42 رکنی زیرِ تربیت افسران کے وفد نے سنٹرل پولیس آفس لاہور کا مطالعاتی دورہ کیا
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے 42 رکنی زیرِ تربیت افسران کے وفدکا سنٹرل پولیس آفس لاہور کا مطالعاتی دورہ

مزید خبریں
لاہور۔10جولائی (اے پی پی):الیکشن کمیشن آف پاکستان کے 42 رکنی زیرِ تربیت افسران کے وفد نے سنٹرل پولیس آفس لاہور کا مطالعاتی دورہ کیا، جہاں وفد نے آئی جی پنجاب عبدالکریم سے ملاقات کی اور پنجاب پولیس کے انتخابی سکیورٹی انتظامات، جدید پولیسنگ اور عوامی خدمات کے نظام سے متعلق بریفنگ حاصل کی۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق وفد میں 39 اسسٹنٹ الیکشن کمشنرز، 2 ریسرچ ایسوسی ایٹس اور ایک اسسٹنٹ ڈائریکٹر شامل تھے۔ اے آئی جی آپریشنز سرفراز ورک نے وفد کو عام اور ضمنی انتخابات کے دوران پنجاب پولیس کی سکیورٹی حکمت عملی، الیکشن سے قبل اور بعد کے انتظامات اور انتخابی عمل کے مختلف مراحل میں پولیس کے کردار سے آگاہ کیا۔بریفنگ میں وفد کو پنجاب پولیس کے انفراسٹرکچر، جدید ٹیکنالوجی پر مبنی پولیسنگ، کنٹرول روم کے نظام اور پبلک سروس ڈلیوری کے مختلف پہلوں سے بھی روشناس کرایا گیا۔اس موقع پر آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ پنجاب پولیس انتخابی عمل میں الیکشن افسران کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور پولنگ کے دوران الیکشن افسران اور عملے کو سکیورٹی فراہم کرنا پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔آئی جی پنجاب نے زیرِ تربیت افسران سے ان کی تربیت کے مختلف مراحل اور حاصل ہونے والے تجربات سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا اور شرکا کے مختلف سوالات کے تفصیلی جوابات دیے۔بعد ازاں وفد اور آئی جی پنجاب عبدالکریم کے درمیان یادگاری شیلڈز (سووینئرز) کا تبادلہ کیا گیا جبکہ وفد کو سنٹرل پولیس آفس میں قائم پنجاب پولیس میوزیم، کنٹرول روم اور دیگر مختلف شعبوں کا بھی دورہ کرایا گیا۔دورے کے موقع پر ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن شہزادہ سلطان، ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ عاصم گلزار، ڈی آئی جی ٹریننگ منیر احمد ضیا اور ڈی آئی جی آئی ٹی منصور الحق بھی موجود تھے۔








