الیکشن کمیشن میں 39نئے تعینات اسسٹنٹ الیکشن کمشنر ،3دیگر افسران کے لئے 12 ہفتوں پر مشتمل سروس ٹریننگ کا آغاز
الیکشن کمیشن میں 39نئے تعینات اسسٹنٹ الیکشن کمشنر ،3دیگر افسران کے لئے 12 ہفتوں پر مشتمل سروس ٹریننگ کا آغاز

مزید خبریں
اسلام آباد۔15جون (اے پی پی):الیکشن کمیشن میں 39نئے تعینات اسسٹنٹ الیکشن کمشنر اور3دیگر افسران جن میں ایک اسسٹنٹ ڈائریکٹر جینڈر اور2 ریسرچ ایسوی ایٹ آفیسرز(بی پی -17) کے لئے 12 ہفتوں پر مشتمل سروس ٹریننگ کا آغاز الیکشن کمیشن اکیڈمی میں ہوگیا ۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے اس تربیتی پروگرام کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
افتتاحی تقریب میں معزز ممبران الیکشن کمیشن کے علاوہ سینئر افسران بھی شریک ہوئے۔چیف الیکشن کمشنر نے اپنے افتتاحی کلمات میں نئے افسران کو الیکشن کمیشن میں تعینات ہونے پر مبارکباد دی اور خوش آمدید کہا۔انہوں نے افسران پر واضح کیا کہ ان کا انتخاب خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر ہوا ہے جس پر ان کو فخر ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کا انعقاد ایک مشکل اور پیچیدہ عمل ہے جس کے مؤثر انعقاد کے لئے آئین، قانون، رولز، ضابطہ اخلاق کی معلومات اور عملی تجربہ ضروری ہے۔اس تربیتی پروگرام میں افسران کو انتخابی قوانین، حلقہ بندیوں، ووٹرز رجسٹریشن، پولنگ کے طریقہ کار اور دیگر دفتری امور کے متعلق تربیت دی جائے گی، جہاں تک ممکن ہوگا عملی مشقیں اور مشاہدات بھی کرائے جائیں گے۔
اس دوران افسران کو جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے متعلق بھی آگاہی فراہم کی جائے گی تاکہ وہ دورانِ سروس اور عملی زندگی میں ٹیکنالوجی کو مؤثر انداز میں استعمال کر سکیں۔ اختتامی کلمات میں چیف الیکشن کمشنر نے نئے افسران کو قومی خدمت، آئین و قانون کے مطابق سرکاری امور کی انجام دہی اور عوام کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے کی تلقین کی اور ٹریننگ پر بھرپور توجہ دینے پر زور دیا۔








