امریکہ ایران امن معاہدہ خوش آئند، شہباز شریف اور عاصم منیر کی سفارتی کاوشوں کا عالمی اعتراف قابل تحسین ہے،وفاقی وزیر محمد حنیف عباسی
امریکہ ایران امن معاہدہ خوش آئند، شہباز شریف اور عاصم منیر کی سفارتی کاوشوں کا عالمی اعتراف قابل تحسین ہے،وفاقی وزیر محمد حنیف عباسی

مزید خبریں
اسلام آباد۔15جون (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے امریکہ اور ایران کے درمیان امن معاہدے کی پیش رفت کو خطے اور عالمی برادری کے لیے ایک مثبت اور خوش آئند قدم قرار دیتے ہوئے پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کی سفارتی کوششوں کا عالمی سطح پر اعتراف انتہائی قابل تحسین ہے۔
پاکستان نے ہمیشہ امن، استحکام اور تعمیری سفارت کاری کو فروغ دینے میں مثبت کردار ادا کیا ہے اور موجودہ قیادت کی کاوشوں نے ملک کے مثبت تشخص اور سفارتی وقار کو مزید مستحکم کیا ہے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کی کامیابی سفارت کاری اور مکالمے کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔
اس مفاہمت سے خطے میں کشیدگی میں کمی آئے گی اور اقتصادی سرگرمیوں، تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی رابطہ کاری کے منصوبوں کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ امن اور استحکام ہی عوامی خوشحالی کی بنیاد ہیں اور پاکستان مستقبل میں بھی علاقائی تعاون کے لیے اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا۔








