ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ کلر سیداں کی خصوصی ہدایت پر تحصیل ہیلتھ انسپکٹر راجہ عبدالجبار نے ہیلتھ انسپکٹر حافظ عمران رانجھا، ارسلان ثانی اور ڈینگی فوکل پرسن کلر سیداں عبدالغفار کے ہمراہ ریاض کالونی میں واقع ایک شادی ہال کا اچانک معائنہ کیا
کلر سیداں ، حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر شادی ہال سیل، مضر صحت گوشت ، دیگر اشیاء تلف

مزید خبریں
کلر سیداں، 15 جون (اے پی پی):ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ کلر سیداں کی خصوصی ہدایت پر تحصیل ہیلتھ انسپکٹر راجہ عبدالجبار نے ہیلتھ انسپکٹر حافظ عمران رانجھا، ارسلان ثانی اور ڈینگی فوکل پرسن کلر سیداں عبدالغفار کے ہمراہ ریاض کالونی میں واقع ایک شادی ہال کا اچانک معائنہ کیا۔ دورانِ معائنہ شادی ہال میں صفائی ستھرائی کی انتہائی ناقص صورتحال، حفظانِ صحت کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزیاں اور ڈینگی لاروا کی موجودگی پائی گئی۔ہیلتھ ٹیم نے مختلف مقامات کا تفصیلی جائزہ لیا تو وہاں کھڑے پانی میں ڈینگی مچھر کی افزائش کے شواہد اور ڈینگی لاروا برآمد ہوا، جس پر فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔ مزید برآں کچن اور سٹوریج ایریا کی جانچ پڑتال کے دوران تقریباً 10 کلوگرام فریج میں رکھا ہوا خراب اور مضر صحت گوشت، 8 کلوگرام چربی اور استعمال کے لیے غیر موزوں تیل برآمد ہوا، جسے موقع پر ہی تلف کر دیا گیا تاکہ انسانی صحت کو لاحق خطرات کا سدباب کیا جا سکے۔ہیلتھ حکام نے بتایا کہ شادی ہال انتظامیہ کی جانب سے صفائی اور خوراک کے معیار سے متعلق سرکاری ہدایات پر عمل درآمد نہیں کیا جا رہا تھا، جس کے باعث عوامی صحت کو شدید خطرات لاحق تھے۔ ناقص سینیٹیشن، غیر معیاری خوراک اور ڈینگی لاروا کی موجودگی کے پیش نظر فوری قانونی کارروائی کرتے ہوئے ریاض کالونی میں واقع مذکورہ شادی ہال کو سیل کر دیا گیا۔تحصیل ہیلتھ انسپکٹر راجہ عبدالجبار نے اس موقع پر کہا کہ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانا محکمہ صحت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی، مضر صحت اشیاء کی فروخت اور ڈینگی ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی







