الیکشن کمیشن کی وفاقی دارلحکومت میں بلدیاتی انتخابات کے فوری انعقاد کی ہدایت

اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابا ت کے فوری انعقاد کی ہدایت کر دی۔ بدھ کو ترجمان الیکشن کمیشن سے جاری پریس ریلیز کے مطابق الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں قرار دیا ہے کہ اسلام آباد کی لوکل گورنمنٹس کی میعاد 14فروری 2021 کوختم ہوئی۔ الیکشن کمیشن اور وفاقی حکومت آئین کے آرٹیکل 140-A،219 اور120دن کے اندر انتخابات کا …

اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابا ت کے فوری انعقاد کی ہدایت کر دی۔ بدھ کو ترجمان الیکشن کمیشن سے جاری پریس ریلیز کے مطابق الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں قرار دیا ہے کہ اسلام آباد کی لوکل گورنمنٹس کی میعاد 14فروری 2021 کوختم ہوئی۔ الیکشن کمیشن اور وفاقی حکومت آئین کے آرٹیکل 140-A،219 اور120دن کے اندر انتخابات کا انعقاد کرنے کے پابند ہیں لیکن یہ انتخابات کئی وجوہات کی بنیاد پر ملتوی ہوتے رہے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے 5دفعہ حلقہ بندی کی اور 3دفعہ الیکشن شیڈول دیا ،متعلقہ اداروں سے خط و کتابت بھی کی گئی ،مگر بلدیاتی الیکشنز کا انعقاد نہ ہوسکا۔ الیکشن کمیشن نے الیکشن کے انعقاد کیلئے 13نومبر 2025 کو کیس کی باقاعدہ سماعت کی اور الیکشن انعقاد کا فیصلہ 17نومبر 2025 کو صادر کیا اور دفتر کو ہدایت کی کہ وہ الیکشن شیڈول کو فوراً پیش کریں۔

الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں یہ بھی قرار دیا ہے کہ اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015ءکے سیکشن(2) 15 میں حالیہ ترمیم جس میں سیکرٹری یونین کونسل کو الیکشن کرانے کی ذمہ داری دی گئی ہے وہ آئین و قانون سے متصادم ہے اور الیکشن کمیشن کو پابند نہیں کیا جاسکتا کہ لوکل گورنمنٹ الیکشن سیکرٹری یونین کونسل کی ذمہ داری ہو۔

الیکشن کمیشن نے آئین کے آرٹیکل 218(3) بطور خاص، نیز آرٹیکلز 140-A، 220، 219 اور 222 اور الیکشنز ایکٹ 2017ء کی دفعات 50، 219 اور 224 کے تحت اپنے اختیارات بروئے کار لاتے ہوئے قرار دیا کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے سیکشن(2) 15 میں کی گئی حالیہ ترمیم آئین و قانون سے متصادم ہے۔

لہذا الیکشنز ایکٹ 2017ء اور لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015ء کی متعلقہ دفعات کے تحت ڈی آر اوز، آر اوز اور اے آر اوز کی تعیناتی کا اختیار کمیشن کو حاصل ہے جو اپنے افسران، عدلیہ یا انتظامیہ کے افسران و اہلکاران کو بطور ریٹرننگ آفیسر اور انتخابی عملہ تعینات کرسکتا ہے۔

سیکرٹری یونین کونسل "سرکاری افسر” کی تعریف پربھی پورا نہیں اترتا لہذا اُسے پریذائیڈنگ افسرتعینات نہیں کیا سکتا۔ انتخابی عمل انہی افسران کے ذریعے منعقد ہوگا جن کی تقرری بذریعہ نوٹیفکیشن الیکشن کمیشن کرے گا۔