الیگزینڈر زیویروف اور کارلوس الکاراز کی پیش قدمی جاری ،آسٹریلین اوپن ٹینس مینز سنگلز پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے

141
Australian Open Tennis Men's Singles

میلبورن۔17جنوری (اے پی پی):جرمنی کے نامور ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ٹو الیگزینڈر زیویروف ،ہسپانوی ٹینس سٹار اور ایونٹ کے تھرڈ سیڈڈ کارلوس الکاراز اور امریکی ٹینس سٹار ٹومی پال اپنی پیش قدمی کو برقرار رکھتے ہوئے آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ مینز سنگلز مقابلوں کے پری کوارٹر فائنل رائونڈ میں پہنچ گئے۔

27 سالہ جرمن ٹینس سٹار الیگزینڈرزیویروف نے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے تیسرے رائونڈ میں انگلینڈ کے حریف کھلاڑی جیکب فیرنلی کو شکست دی ۔21 سالہ سپین کے نامور ٹینس سٹار کارلوس الکاراز نے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے تیسرے رائونڈ میں پرتگال کے حریف کھلاڑی نونو بورجیس کو شکست دی ۔

آسٹریلیا کے شہرمیلبورن نے میں جاری 113 واں میگا ایونٹ میں جمعہ کو کھیلے گئے مینز سنگلز مقابلوں کے تیسرے رائونڈ میں 27 سالہ جرمن ٹینس سٹار الیگزینڈرزیویروف نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلینڈ کے حریف کھلاڑی جیکب فیرنلی کو سٹریٹ سیٹس میں 3-6، 4-6 اور 4-6 سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

ہسپانوی ٹینس سٹار اور ایونٹ کے تھرڈ سیڈڈ کارلوس الکاراز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پرتگال کے حریف کھلاڑی نونو بورجیس کو 2-6، 4-6، 7-6(7-3)اور 2-6 سے شکست دیکر ٹورنامنٹ کے پری کوارٹر فائنل رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ایک اور میچ میں امریکی ٹینس سٹار ٹومی پال نے ہسپانوی حریف کھلاڑی رابرٹو کاربیلیس بینا کو ٹائی بریک پر سٹریٹ سیٹس میں 6-7(0-7)، 2-6 اور 0-6سے شکست دے کر ایونٹ کے چوتھے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا۔