اقوام متحدہ کے موسمیاتی ادارے ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن نے جمعے کو خبردار کیا کہ تیزی سے شدت اختیار کرنے والا ال نینو دنیا کے اکثر خطوں میں جولائی اور ستمبر کے درمیان شدید موسمی صورتحال کا باعث بن سکتا ہے۔
ال نینو دنیا کے اکثر خطوں میں جولائی اور ستمبر کے درمیان شدید موسمی صورتحال کا باعث بن سکتا ہے، ڈبلیو ایم او

مزید خبریں
اقوام متحدہ ۔3جولائی (اے پی پی):اقوام متحدہ کے موسمیاتی ادارے ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن نے جمعے کو خبردار کیا کہ تیزی سے شدت اختیار کرنے والا ال نینو دنیا کے اکثر خطوں میں جولائی اور ستمبر کے درمیان شدید موسمی صورتحال کا باعث بن سکتا ہے۔ اے ایف پی کے مطابق ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن نے کہا کہ بحرالکاہل میں ال نینو پہلے ہی تشکیل پا چکا اور اس کی طاقت میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے ۔ ادارے کے مطابق ال نینو وسطی اور مشرقی بحرالکاہل میں خط استوا کے قریبی حصوں میں ہر دو سے سات سال بعد سمندر کی سطح کے درجہ حرارت میں ہونے والا اضافہ ہے جو آس پاس کے علاقوں میں چلنے والی ہوائوں ، دبائو اور بارش کے پیٹرنز میں تبدیلیو ں کا باعث بنتا ہے ، اس کے اثرات عموماً 9 سے 12 ماہ تک برقرار رہتے ہیں۔
ڈبلیو ایم او کے مطابق اس سال ال نینو کی شدت جولائی سے ستمبر کے دوران چار میں سے تیسرے درجے تک پہنچنے کا امکان ہے۔ بحرالکاہل میں تشکیل پانے والے ال نینو کی شدت میں آنے والے مہینوں میں تیزی سے اضافے کے نتیجے میں دنیا کے بہت سے حصوں میں انتہائی موسمی واقعات کے امکانات بڑھ جائیں گے ۔ وسطی اور مشرقی استوائی بحرالکاہل میں سمندر کے درجہ حرارت میں مسلسل اور نمایاں حد تک اضافہ دو ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے جس کا اثر دنیا کے کئی خطوں تک پھیلے گا ۔ دریں اثنا استوائی بحر اوقیانوس کے طاس کے عام طور پر اوسط سے زیادہ گرم رہنے کا بھی امکان ہے۔ یہ خشک سالی اور بھاری بارش کے امکانات کو تیز کرے گا اور بہت سے خطوں میں پے درپے آنے والی زمینی اور سمندری ہیٹ ویوز کا خطرہ بڑھا دے گا۔
ڈبلیو ایم او نے کہا کہ وہ تیاریوں کی رہنمائی میں مدد کے لیےخاص طور پر زراعت اور صحت جیسے موسمیاتی حساس شعبوں میں ابتدائی انتباہی مدد کو بڑھا رہا ہے ۔ ال نینو کے باعث 60 ڈگری جنوب اور 60 ڈگری شمال کے درمیان زیادہ تر زمینی علاقوں میں درجہ حرارت اوسط سے تجاوز کرجانے کے زیادہ امکان کی پیش گوئی کی گئی ہے جو قطبی علاقوں سے باہر تقریبا تمام آبادی والے علاقوں کا احاطہ کرتا ہے۔ ال نینو کے زیر اثر جنوب مغربی امریکا کے کچھ حصوں میں معمول سے زیادہ بارش اور برصغیر پاک و ہند اور آسٹریلیا کے بیشتر حصوں میں معمول سے کم بارشیں ہو سکتی ہیں۔








