پنجاب پولیس کی ویلفیئر پر رواں سال ایک ارب 8 کروڑ روپے سے زائد خرچ ہوئے، ترجمان

پنجاب پولیس نے رواں سال پولیس فورس اور ان کے اہلخانہ کی فلاح و بہبود کےلئے ایک ارب 8 کروڑ روپے سے زائد رقم خرچ کی ہے۔

لاہور۔3جولائی (اے پی پی):پنجاب پولیس نے رواں سال پولیس فورس اور ان کے اہلخانہ کی فلاح و بہبود کےلئے ایک ارب 8 کروڑ روپے سے زائد رقم خرچ کی ہے۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پولیس ملازمین کے بچوں کو تعلیمی وظائف (ایجوکیشنل سکالرشپس) کی مد میں 33 کروڑ 92 لاکھ روپے سے زائد جاری کیے گئے، جبکہ پولیس ملازمین کی بیٹیوں کو ویڈنگ گفٹ کی صورت میں 30 کروڑ 26 لاکھ روپے سے زائد فراہم کیے گئے۔ترجمان نے بتایا کہ علاج معالجے میں معاونت کے لئے 15 کروڑ 78 لاکھ روپے سے زائد، ریٹائرمنٹ گرانٹس کی مد میں 15 کروڑ 98 لاکھ روپے سے زائد اور گزارا الائونس کی مد میں پولیس ملازمین کی فیملیز کو 8 کروڑ 92 لاکھ روپے سے زائد فنڈز فراہم کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ تدفین کے اخراجات کی مد میں فورس کے اہلخانہ کو 3 کروڑ 24 لاکھ روپے جبکہ فوری مالی امداد کی مد میں 82 لاکھ 17 ہزار روپے سے زائد رقم بھی دی گئی۔