امام بارگاہ جی سکس ٹو ، اسلام آباد میں عزاداران کے لئے مفت ہیپاٹائٹس سی سکریننگ کیمپ جاری

"وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال کی ہدایت پر امام بارگاہ جی-6/2 اسلام آباد میں عزاداران کے لیے مفت ہیپاٹائٹس سی سکریننگ کیمپ جاری ہے۔”

اسلام آباد۔3اگست (اے پی پی):وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال کی ہدایت پر امام بارگاہ جی سکس ٹو ، اسلام آباد میں عزاداران کے لئے مفت ہیپاٹائٹس سی سکریننگ کیمپ جاری ہے۔

وزارتِ صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کیمپ میں عزاداران کو مفت ہیپاٹائٹس سی سکریننگ، طبی مشاورت اور بیماری سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔سکریننگ کے دوران جن افراد کا ٹیسٹ مثبت آئے گا انہیں حکومت کے قومی ہیپاٹائٹس سی پروگرام کے تحت متعلقہ مراکز سے منسلک کیا جائے گا جہاں انہیں مفت علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔قومی ہیپاٹائٹس سی پروگرام کے پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر ضیاء داوڑ سکریننگ کیمپ کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ شہریوں کو معیاری اور بروقت خدمات فراہم کی جا سکیں۔وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے عوام سے اپیل کی ہے کہ پاکستان کو ہیپاٹائٹس سی سے پاک بنانے کے قومی مشن میں اپنا کردار ادا کرتے ہوئے اپنی سکریننگ ضرور کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ بروقت تشخیص اور موثر علاج ہیپاٹائٹس سی کے مکمل خاتمے کی کنجی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ’’مفت سکریننگ، مفت ٹیسٹ، مفت علاج‘‘ کی پالیسی کے تحت عوام کو سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ’’ایک قوم، ایک مشن، ہیپاٹائٹس سے پاک پاکستان‘‘ ہمارا عزم ہے اور ہیپاٹائٹس سی فری پاکستان ہمارا قومی مشن ہے۔وفاقی وزیرِ صحت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اس قومی مہم کی کامیابی کے لئے عوام، سول سوسائٹی، میڈیا اور ہر شہری کو اپنا فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔