ایچ ای سی نے لاء گریجویٹ اسیسمنٹ ٹیسٹ کے امیدواروں کے لئے رول نمبر سلپس جاری کر دیں

ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے لاء گریجویٹ اسیسمنٹ ٹیسٹ (لاء جی اے ٹی) کے امیدواروں کے لئے رول نمبر سلپس جاری کر دی ہیں

اسلام آباد۔3اگست (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے لاء گریجویٹ اسیسمنٹ ٹیسٹ (لاء جی اے ٹی) کے امیدواروں کے لئے رول نمبر سلپس جاری کر دی ہیں۔ ٹیسٹ 9 اگست 2026 اتوار کو منعقد ہوگا۔ایچ ای سی کے مطابق امیدوار اپنی رول نمبر سلپس ایجوکیشن ٹیسٹنگ کونسل (ای ٹی سی) کے پورٹل سے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔ امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ وقت پر امتحانی مرکز پہنچیں اور امتحان سے متعلق تمام ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔

ایچ ای سی نے واضح کیا ہے کہ امتحانی مراکز میں موبائل فون، سمارٹ واچ، کیلکولیٹر، ایئربڈز، الیکٹرانک سگریٹ (ویپ)، سگریٹ، لائٹر اور دیگر الیکٹرانک آلات لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اگر کسی امیدوار کے پاس یہ اشیا پائی گئیں تو انہیں ضبط کر لیا جائے گا اور امیدوار کے خلاف نقل کے ضابطے کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ایچ ای سی نے امیدواروں سے کہا ہے کہ وہ اپنی رول نمبر سلپس بروقت ڈاؤن لوڈ کریں اور امتحان کے روز جاری کردہ تمام ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ امتحان سے متعلق مزید معلومات یا رہنمائی کے لئے امیدوار ای ٹی سی پورٹل سے رجوع کر سکتے ہیں۔