"افغان جمہوری حکومت کے سقوط کے تقریباً پانچ سال بعد سابق افغان نیشنل آرمی کے لیفٹیننٹ جنرل سمیع سادات افغان جمہوریہ کے سہ رنگی پرچم اور فوجی وردی میں منظرِ عام پر آئے اور افغانستان یونائیٹڈ فرنٹ کے پلیٹ فارم سے طالبان رجیم کے خلاف مربوط مسلح کارروائیوں کے آغاز کا اعلان کیا۔”
سابق افغان نیشنل آرمی کے لیفٹیننٹ جنرل سمیع سادات کا افغانستان یونائیٹڈ فرنٹ کے تحت طالبان کے خلاف مسلح جدوجہد کا اعلان
اسلام آباد۔3اگست (اے پی پی):افغان جمہوری حکومت کے سقوط کے تقریباً پانچ سال بعد سابق افغان نیشنل آرمی کے لیفٹیننٹ جنرل سمیع سادات افغان جمہوریہ کے سہ رنگی پرچم اور فوجی وردی میں منظرِ عام پر آ گئے اور افغانستان یونائیٹڈ فرنٹ (AUF) کے پلیٹ فارم سے طالبان رجیم کے خلاف مربوط مسلح کارروائیوں کے آغاز کا اعلان کر دیا۔
افغانستان یونائیٹڈ فرنٹ کی جانب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سمیع سادات نے کہا کہ فوجی کارروائیوں کی باضابطہ منظوری دے دی گئی ہے، جس کے ساتھ افغانستان میں آئینی نظام کی بحالی کے لیے مرحلہ وار ملک گیر مہم کا آغاز ہو چکا ہے۔جنرل سادات کے مطابق کارروائیوں کے پہلے مرحلے میں طالبان جنگجوؤں، فوجی تنصیبات اور اعلیٰ قیادت کو نشانہ بنایا جائے گا، جس کے بعد مختلف مراحل میں کارروائیوں کا دائرہ پورے افغانستان تک وسیع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فوجی کارروائیوں کو سیاسی، سفارتی اور عوامی کوششوں کے ساتھ مربوط کر کے افغانستان کی آزادی حاصل کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ تقریباً پانچ برس کے دوران افغان عوام اور سول سوسائٹی کی اپیلوں کو عالمی برادری نے مسلسل نظرانداز کیا، جبکہ طالبان کے ساتھ مذاکرات ناکام ثابت ہوئے، جس کے بعد آزاد اور آئینی افغانستان کی بحالی کے لیے مسلح مزاحمت ہی واحد راستہ رہ گیا ہے۔جنرل سمیع سادات نے طالبان رجیم کو بے نقاب کرتے ہوئے کہا کہ اس نے افغان عوام کو برسوں سے جبر، خوف اور منظم انسانی حقوق کی پامالیوں کا شکار بنا رکھا ہے، جبکہ افغانستان کو القاعدہ، داعش، ٹی ٹی پی اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کی محفوظ پناہ گاہ میں تبدیل کر دیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ملک کے قدرتی وسائل لوٹ کر دہشت گرد تنظیموں کی مالی معاونت اور انہیں مزید مضبوط بنانے کے لیے استعمال کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے سابق افغان نیشنل سکیورٹی اینڈ ڈیفنس فورسز کے اہلکاروں، سیاسی رہنماؤں اور اندرون و بیرونِ ملک تمام افغان شہریوں سے اپیل کی کہ وہ افغان جمہوریہ کے سہ رنگی پرچم تلے متحد ہو کر افغانستان یونائیٹڈ فرنٹ میں شامل ہوں اور افغانستان کے مستقبل کی قومی جدوجہد میں اپنا کردار ادا کریں۔جنرل سادات نے واضح کیا کہ افغانستان یونائیٹڈ فرنٹ غیر ملکی فوجیوں یا فوجی اڈوں کا خواہاں نہیں بلکہ صرف عالمی برادری سے سیاسی اور مادی تعاون چاہتا ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ افغان فورسز خود طالبان، القاعدہ، داعش، ٹی ٹی پی اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کے خلاف لڑیں گی، جبکہ بین الاقوامی انسانی قانون کی مکمل پاسداری اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ افغانستان یونائیٹڈ فرنٹ خود کو سابق افغان نیشنل آرمی کا حقیقی تسلسل سمجھتا ہے اور اس کا مقصد 2004 کے آئین، بین الاقوامی انسانی قانون اور لویہ جرگہ کے ذریعے ظاہر کردہ افغان عوام کی خواہشات کے مطابق ایک آزاد، خودمختار اور آئینی افغانستان کی بحالی ہے۔









