"صوبائی وزیر ثقافت نے کہا ہے کہ تاریخی ورثوں کی دیکھ بھال، تحفظ اور بحالی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔”
تاریخی ورثوں کی دیکھ بھال میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی،صوبائی وزیر ثقافت

مزید خبریں
حیدرآباد۔ 03 اگست (اے پی پی):صوبائی وزیر ثقافت، سیاحت و نوادرات سید ذوالفقار علی شاہ کی زیر صدارت سندھ میوزیم حیدرآباد میں محکمہ ثقافت کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں متعلقہ افسران نے صوبائی وزیر کو محکمہ ثقافت حیدرآباد کی کارکردگی، جاری منصوبوں اور مختلف شعبہ جات کی پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔اس موقع پر صوبائی وزیر سید ذوالفقار علی شاہ نے ہدایت کی کہ سندھ کے تاریخی ورثے، آثارِ قدیمہ اور نوادرات سے متعلق عمارتوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخی ورثوں کی دیکھ بھال میں کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مکی ہاؤس سمیت تمام تاریخی اور سیاحتی مقامات پر آنے والے سیاحوں کو ضروری سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میوزیم تک عوام کی رسائی اور سیاحوں کے لیے بہتر انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ثقافتی ورثے تک نوجوانوں کی رسائی ہمارے روشن مستقبل کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے لائبریریز میں طلبہ کے لیے مطلوبہ سہولیات کی فراہمی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی لائبریریز میں آمد ایک صحت مند اور باشعور معاشرے کی علامت ہے۔ سید ذوالفقار علی شاہ نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ لائبریریز میں طلبہ کی سہولت کے لیے دی گئی ہدایات پر جلد از جلد عملدرآمد کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ طلبہ کو درپیش مسائل یا شکایات کے معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔








