"ہائر ایجوکیشن کمیشن نے نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن کے تعاون سے کیپٹل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، اسلام آباد میں ’مینٹورنگ پروگرام فار یونیورسٹیز‘ کا کامیاب انعقاد کیا۔”
ایچ ای سی کے زیر اہتمام کسٹ یونیورسٹی میں ایم پی یو پروگرام اختتام پذیر، 25 اساتذہ کی تربیت مکمل

مزید خبریں
اسلام آباد۔3اگست (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن کے تعاون سے کیپٹل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (کسٹ) اسلام آباد میں ’مینٹورنگ پروگرام فار یونیورسٹیز‘ کا کامیاب انعقاد کیا۔
اس تربیتی پروگرام کے تحت 25 اساتذہ نے 7 سینئر رہنمائوں سے قیادت، پیشہ ورانہ ترقی، موثر ابلاغ اور ادارہ جاتی تعاون کو مستحکم بنانے سے متعلق جدید تربیت حاصل کی۔اختتامی تقریب کی مہمان خصوصی منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) ’ناہی‘ ڈاکٹر نور آمنہ ملک تھیں جبکہ تقریب میں اساتذہ، مینٹورز اور یونیورسٹی کی اعلیٰ انتظامی قیادت نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر نور آمنہ ملک نے کہا کہ یہ پروگرام یونیورسٹیوں کے انتظامی و تعلیمی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور نئی تعلیمی قیادت کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔اس موقع پر سی یو ایس ٹی اسلام آباد کی جانب سے ایک جدید کمپیوٹر بیسڈ ’ایم پی یو ایپ‘ کا بھی افتتاح کیا گیا جو اساتذہ اور ان کے رہنمائوں کے درمیان رابطہ کاری اور پیش رفت کی نگرانی کے نظام کو بہتر بنائے گی۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں نجی شعبے کی کسی بھی یونیورسٹی میں اس طرز کے پہلے مینٹورنگ پروگرام کا کامیاب اختتام اعلیٰ تعلیم کے معیار کو بین الاقوامی تقاضوں کے مطابق ڈھالنے کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے۔








