"ڈیرہ غازی خان میں محکمہ جنگلات نے تاریخی شجرکاری مہم کے تحت 18 ماہ کے دوران 82 لاکھ 96 ہزار درخت لگا کر اہم سنگِ میل عبور کر لیا۔”
ڈیرہ غازی خان میں محکمہ جنگلات کا تاریخی کارنامہ، 18 ماہ میں 82 لاکھ 96 ہزار درخت لگا دئیے

مزید خبریں
ڈیرہ غازی خان ۔ 03 اگست (اے پی پی):کنزرویٹر فاریسٹ ڈیرہ غازی خان محمد طارق نسیم نے کہا ہے کہ محکمہ جنگلات کے ڈی جی خان فاریسٹ سرکل نے گزشتہ 18 ماہ کے دوران 82 لاکھ 96 ہزار درخت لگا کر تاریخی سنگ میل عبور کیا ہے۔
جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ شجرکاری مہم کا رقبہ معروف چھانگا مانگا جنگل کے مجموعی رقبے سے بھی زیادہ ہے، جو ماحولیاتی تحفظ، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور قدرتی وسائل کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ غیر معمولی کامیابی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے سرسبز، شاداب اور ماحول دوست پنجاب کے وژن کی عملی تعبیر ہے۔ محکمہ جنگلات کی مؤثر حکمت عملی، منصوبہ بندی اور بھرپور کاوشوں کے باعث صوبہ بھر میں شجرکاری مہم کو نئی رفتار ملی ہے۔کنزرویٹر فاریسٹ کے مطابق سیکرٹری جنگلات پنجاب کیپٹن (ر) طاہر رضا عباسی کی رہنمائی میں شفافیت، مؤثر مانیٹرنگ، جدید طریقہ کار اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کو فروغ دیا گیا، جس کے نتیجے میں یہ نمایاں ہدف کامیابی سے حاصل کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ڈی جی خان فاریسٹ سرکل نے دریا کنارے جنگلات، شاہراہوں کے اطراف، سرکاری اراضی اور دیگر موزوں مقامات پر بڑے پیمانے پر شجرکاری کی، جس کے ذریعے بنجر اور غیر آباد زمینوں کو سرسبز و شاداب علاقوں میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ماہرین کے مطابق اس وسیع شجرکاری مہم سے کاربن کے اخراج میں کمی، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات میں تخفیف، حیاتیاتی تنوع کے فروغ، زمینی کٹاؤ کی روک تھام، زیرزمین پانی کی بحالی، آبی توازن میں بہتری اور مقامی آبادی کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔محمد طارق نسیم نے اس کامیابی کو محکمہ جنگلات کے افسران اور فیلڈ عملے کی شبانہ روز محنت، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور حکومت پنجاب کی سرپرستی کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ شجرکاری صرف درخت لگانے تک محدود نہیں بلکہ ان کی نگہداشت، بقا اور سرسبز ماحول کی پائیدار تشکیل بھی محکمہ کی اولین ترجیح ہے۔








