پی ڈی ایم اے نے صوبائی دارالحکومت لاہور،راولپنڈی سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارشوں بارے الرٹ جاری کردیا
لاہورسمیت مختلف اضلاع میں بارشوں کا الرٹ جاری،ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے متعلقہ محکمے الرٹ رہیں، ڈی جی پی ڈی ایم اے

مزید خبریں
لاہور۔3اگست (اے پی پی):پی ڈی ایم اے نے صوبائی دارالحکومت لاہور،راولپنڈی سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارشوں بارے الرٹ جاری کردیا۔ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف خود تمام تر صورتحال کو مانیٹر کر رہی ہیں۔ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ محکمے الرٹ رہیں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ صوبائی کنٹرول روم سمیت تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز کو بھی الرٹ رکھیں۔
پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی مانیٹرنگ مسلسل جاری ہے،لہذا1122 اور واسا سمیت دیگر ریسکیو ادارے مشینری سمیت عملے کو الرٹ رکھیں اور نشینی علاقوں سے پانی کی نکاسی کو جلد از جلد ممکن بنائیں۔انہوں کہا کہ چوکنگ پوائنٹس پر جمع پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا جائے کیونکہ بارشوں کا یہ سلسلہ5 اگست تک جاری رہنے کی پیشگوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ خراب موسم کے دوران شہری احتیاط کریں،بجلی کے کھمبوں اور لٹکتی تاروں سے دور رہیں۔شہر ی کچے مکانات اور بوسیدہ عمارتوں سے دور رہیں۔
بچوں کا خاص خیال رکھیں انہیں نشیبی علاقوں میں جمع پانی کے قریب ہرگز نہ جانے دیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری مدد کیلئے پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں۔








