امام حسین علیہ السلام اور شہدائے کربلا کا چہلم کل عقیدت و احترام سے منایا جا ئے گا،سکیورٹی ہائی الرٹ

"صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک بھر میں حضرت امام حسین علیہ السلام اور شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ان کا چہلم منگل کو انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا۔”

لاہور۔3اگست (اے پی پی):صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک بھر میں حضرت امام حسین علیہ السلام اور شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کےلئے ان کا چہلم منگل کو انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا ئے گا۔

لاہور میں شہدائے کربلا کے چہلم کا مرکزی جلوس حویلی الف شاہ دہلی دروازے سے برآمد ہوگاجو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ میں اختتام پذیر ہوگا، جلوس میں ہزاروں عزادارشریک ہوں گے۔ جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا مسجد وزیر خان پہنچے گا جہاں عزادارنماز ظہرین ادا کریں گے، عزاداروں کے لیے جلوس کے تمام راستوں پر سبیلوں کا بھی انتظام کیا جائے گا۔ تین درجاتی حفاظتی حصار پر مبنی سکیورٹی چیکنگ سے گزرنے کے بعد ہی عزاداروں کو جلوس میں داخلے کی اجازت دی جائے گی، واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اورالیکٹرک بیریئرز کے ساتھ جلوس کے تمام راستوں سے منسلک گلیوں اور سڑکوں کو خاردار تاریں اور ٹینٹ لگا کر بند کیا جائے گا۔ جلوس کے روٹ کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹر نگ کی جائے گی جبکہ اس کے روٹ میں آنے والی بلند عمارتوں پر سنائپرز تعینات ہوں گے ، ڈولفن سکواڈ اور پولیس ریسپانس یونٹ کی ٹیمیں جلوس کے گردونواح میں پٹرولنگ کریں گی ۔ واضح رہے کہ لاہور میں چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام اور صوفی بزرگ حضرت داتا علی ہجویری کے عرس کے آخری روز کے باعث سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، عزاداری جلوسوں، مجالس اور عرس کی تقریبات کے لئے پنجاب پولیس ہائی الرٹ ہے۔