"صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے تھائی لینڈ میں منعقدہ انٹرنیشنل تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتنے پر قومی کھلاڑی احسان محسود کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی شاندار کامیابی پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔”
تھائی لینڈ میں گولڈ میڈل جیتنے پر احسان محسود قوم کا فخر بن گئے، فیصل ایوب کھوکھر

مزید خبریں
لاہور۔3اگست (اے پی پی):صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے تھائی لینڈ میں منعقدہ انٹرنیشنل تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتنے پر قومی کھلاڑی احسان محسود کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی شاندار کامیابی پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ احسان محسود نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوارٹر فائنل میں سری لنکا، سیمی فائنل میں بھارت اور فائنل میں قازقستان کے کھلاڑی کو شکست دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔ ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ احسان محسود کی تاریخی کامیابی نوجوان کھلاڑیوں کے لیے مشعلِ راہ ہے اور یہ ثابت کرتی ہے کہ محنت، عزم اور لگن سے عالمی سطح پر کامیابیاں حاصل کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نوجوان ٹیلنٹ کی بھرپور سرپرستی اور کھیلوں کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ باصلاحیت کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے زیادہ سے زیادہ مواقع میسر آ سکیں۔ صوبائی وزیر کھیل نے مزید کہا کہ احسان محسود جیسے باصلاحیت کھلاڑی پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی کامیابیاں ملک کا نام دنیا بھر میں روشن کر رہی ہیں۔








