امریکا،سان ڈیاگو کی ایک مسجد میں فائرنگ، دو حملہ آوروں سمیت 5افراد جاں بحق

امریکا میں مسجد کے اندر فائرنگ کے واقعے میں پانچ افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جن میں فائرنگ کرنے والے دو نوجوان بھی شامل ہیں۔برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یہ واقعہ ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان ڈیاگو کے ایک اسلامک سینٹر (مسجد) میں اس وقت پیش آیا

نیویارک ۔19مئی (اے پی پی):امریکا میں مسجد کے اندر فائرنگ کے واقعے میں پانچ افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جن میں فائرنگ کرنے والے دو نوجوان بھی شامل ہیں۔برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یہ واقعہ ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان ڈیاگو کے ایک اسلامک سینٹر (مسجد) میں اس وقت پیش آیا جب دو مسلح نوجوان مسجد کے اندر گھس گئے اور سکیورٹی گارڈ کو گولی مار دی مسجد میں موجود افراد پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو مزید افراد جاں بحق ہوگئے۔پولیس کے پہنچنے پر معلوم ہوا کہ حملہ آور نوجوان بھی گولی لگنے سے ہلاک ہو چکے ہیں اور بظاہر یہ لگ رہا ہے کہ انہوں نے خود کو شوٹ کیا۔سان ڈیاگو میکسیکو کی سرحد کے قریب واقع ہے اور پولیس نے جائزے کے بعد مقام کو محفوظ قرار دیا ہے۔سان ڈیاگو پولیس کے سربراہ سکاٹ واہل کا کہنا ہے واقعے کی ہیٹ کرائم کے طور پر تحقیقات کی جا رہی ہیں۔مسجد کے ڈائریکٹر امام طلحہ حسن نے عبادت کے مقام کو نشانہ بنانے کو شرمناک قرار دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس خوبصورت شہر میں تمام عبادت گاہوں کی ہمیشہ حفاظت ہونی چاہیے۔کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز نے فائرنگ کے واقعے کی مذمت کی ہے۔ اس کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر تزئین نظام نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’عبادت میں شرکت یا ایلیمنٹری سکول میں پڑھائی کے وقت کسی کو بھی اپنی سلامتی سے متعلق خوف نہیں ہونا چاہیے۔‘