امریکا، امیگریشن اہلکار کی فائرنگ سے 37 سالہ خاتون ہلاک ، واقعہ پر مقامی لوگوں کا احتجاج

منیسوٹا۔8جنوری (اے پی پی):امریکی ریاست مینیسوٹا کے شہر منیاپولس میں امیگریشن اہلکار نے 37 سالہ خاتون کو اس کی گاڑی میں فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا ،مقامی اور وفاقی حکام کے مطابق یہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غیر ملکیوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کے دوران تشدد کا تازہ ترین واقعہ ہے۔ اردو نیوز نے برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے حوالے سے بتایا کہ منیاپولس کے میئر جیکب …

منیسوٹا۔8جنوری (اے پی پی):امریکی ریاست مینیسوٹا کے شہر منیاپولس میں امیگریشن اہلکار نے 37 سالہ خاتون کو اس کی گاڑی میں فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا ،مقامی اور وفاقی حکام کے مطابق یہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غیر ملکیوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کے دوران تشدد کا تازہ ترین واقعہ ہے۔ اردو نیوز نے برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے حوالے سے بتایا کہ منیاپولس کے میئر جیکب فرے نے ٹرمپ انتظامیہ کے اس دعوے کو سختی سے مسترد کیا ہے کہ ایجنٹ نے فائرنگ اپنے دفاع میں کی۔

میئر نے کہا کہ انہوں نے خود فائرنگ کی وڈیو دیکھی ہے جو حکومت کے بیان کے بالکل برعکس ہے، انہوں نے اسے گمراہ کن بیانیہ قرار دیا ہے۔انہوں نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ وہ اسے اپنے دفاع میں کی گئی کارروائی ظاہر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وڈیو دیکھنے کے بعد میں سب کو بتانا چاہتا ہوں کہ یہ بات بالکل غلط ہے۔منیاپولس کے میئر جیکب فرے نے اپنی پریس کانفرنس میں کہا کہ وفاقی امیگریشن اہلکار شہر میں بدامنی پھیلا رہے ہیں۔انہوں نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے امریکی امیگریشن اور کسٹمز انفورسمنٹ سے کہا کہ وہ منیاپولس سے نکل جائیں تاہم انہوں نے شہریوں سے پُرسکون رہنے کی اپیل بھی کی۔فائرنگ کے بعد جائے وقوعہ کے قریب لوگ احتجاج کے لیے سڑکوں پر نکل آئے۔ بعض مظاہرین کو بھاری ہتھیاروں سے لیس وفاقی اہلکاروں کا سامنا کرنا پڑا۔

ڈیپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سکیورٹی کی ترجمان ٹریشیا میک لافلن نے سوشل میڈیا پر کہا کہ ایک وفاقی امیگریشن افسر نے اس وقت فائرنگ کی جب ایک پُرتشدد ہنگامہ کرنے والی خاتون نے اہلکاروں کو گاڑی سے کچلنے کی کوشش کی۔انہوں نے لکھا کہ مبینہ حملہ آور کو گولی لگی اور اس کی موت ہو گئی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ زخمی ہونے والے امیگریشن اہلکار مکمل طور پر صحت یاب ہو جائیں گے۔میئر جیکب فرے نے کہا کہ انہوں نے جو وڈیو دیکھی اس میں خاتون کسی کو کچلنے کی کوشش کرتی نظر نہیں آئیں۔شہر کے پولیس چیف برائن اوہارا نے صحافیوں کو بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق خاتون کی گاڑی نے سڑک پر ٹریفک کو روک رکھا تھا جب ایک وفاقی اہلکار چل کر ان کے قریب آیا۔

انہوں نے کہا کہ گاڑی نے آگے بڑھنا شروع کی، اس کے بعد کم از کم دو گولیاں چلیں اور پھر گاڑی سڑک کے کنارے جا کر ٹکرا گئی۔صدر ٹرمپ نے غیر قانونی امیگریشن کے خلاف کریک ڈاؤن کے تحت اپنے پہلے سال میں امریکا کے مختلف ڈیموکریٹ زیر انتظام شہروں میں وفاقی امیگریشن اہلکار تعینات کیے جس پر بعض شہریوں نے سخت ردعمل دیا۔نیوز رپورٹس کے مطابق انتظامیہ نے منیاپولس میں تقریباً دو ہزار اہلکار بھیجنے کا منصوبہ بنایا تھا۔ امریکی سینیٹر ٹینا سمتھ، جو مینی سوٹا سے تعلق رکھنے والی ڈیموکریٹ ہیں، نے سوشل میڈیا پر کہا کہ مذکورہ خاتون امریکی شہری تھیں۔پولیس چیف نے کہا کہ وہ خاتون جو شادی شدہ تھیں، امیگریشن کارروائیوں کا ہدف نہیں تھیں۔