ہیوسٹن۔4نومبر (اے پی پی):امریکا دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے جس نے ایک ہی ماہ میں 10 ملین میٹرک ٹن مائع قدرتی گیس (ایل این جی) برآمد کی۔ رائٹرز کے مطابق فنانشل فرم ایل ایس ای جی کے ابتدائی اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ امریکا نے اکتوبر میں 10.1 ملین میٹرک ٹن ایل این جی برآمد کی جو ستمبر کے 9.1 ملین میٹرک ٹن کے مقابلے …
امریکا ایک ماہ میں 10 ملین میٹرک ٹن ایل این جی برآمد کرنے والا پہلا ملک بن گیا

مزید خبریں
ہیوسٹن۔4نومبر (اے پی پی):امریکا دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے جس نے ایک ہی ماہ میں 10 ملین میٹرک ٹن مائع قدرتی گیس (ایل این جی) برآمد کی۔ رائٹرز کے مطابق فنانشل فرم ایل ایس ای جی کے ابتدائی اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ امریکا نے اکتوبر میں 10.1 ملین میٹرک ٹن ایل این جی برآمد کی جو ستمبر کے 9.1 ملین میٹرک ٹن کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔دنیا کے سب سے بڑے ایل این جی ایکسپورٹر کے طور پر امریکا نے سال 2025 میں چار نئے ریکارڈز قائم کیے ہیں۔
یہ اضافہ خاص طور پر وینچر گلوبل کے پلاکیمائینز ایکسپورٹ پلانٹ کے آغاز اور چینیئر انرجی (Cheniere) کے کارپس کرسٹی اسٹیج 3 منصوبے کی توسیع کے باعث ہوا۔ لوزیانا میں واقع پلاکیمائینز پلانٹ نے گزشتہ ماہ 2.2 ملین ٹن ایل این جی فروخت کی جو ستمبر کی 1.6 ملین ٹن سے زیادہ ہے جبکہ چینیئر کا کارپس کرسٹی پلانٹ بھی اپنی 1.6 ملین ٹن کی برآمد کے ساتھ ایک نیا ریکارڈ قائم کرنے میں کامیاب رہا۔ایل ایس ای جی کے مطابق وینچر گلوبل اور چینیئر نے اکتوبر میں امریکا کی کل ایل این جی برآمدات کا 72 فیصد حصہ فراہم کیا۔
یورپ بدستور امریکی ایل این جی کی سب سے بڑی منڈی رہا جہاں گزشتہ ماہ 6.9 ملین ٹن برآمد کی گئی جو ستمبر کے 6.22 ملین ٹن کے مقابلے میں زیادہ ہے کیونکہ یورپی ممالک نے سردیوں سے قبل گیس ذخائر بھرنے کا عمل تیز کر دیا ہے۔ایشیا کو اکتوبر میں 1.96 ملین ٹن ایل این جی برآمد کی گئی جو ستمبر کے 1.63 ملین ٹن سے زیادہ ہے جبکہ لاطینی امریکا کے لیے برآمدات کم ہو کر 0.57 ملین ٹن رہ گئیں،
ستمبر میں یہ 0.63 ملین ٹن تھیں۔مصر نے اکتوبر میں 0.43 ملین ٹن ایل این جی خریدی جو پچھلے ماہ کے 0.5 ملین ٹن سے کم ہے۔اس کے علاوہ سینیگال کو دو کارگو (0.1 ملین ٹن) برآمد کیے گئے جبکہ مزید دو کارگو (0.1 ملین ٹن) خریداروں کے آرڈر کے منتظر ہیں۔








