واشنگٹن ۔23اکتوبر (اے پی پی):امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہنگری کے دارالحکومت بڈاپسٹ میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ اپنی طے شدہ سربراہی ملاقات منسوخ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں یقین نہیں کہ بات چیت کے اس مرحلے پر بات چیت کے مطلوبہ نتائج برآمد ہوں گے۔ رشیا ٹوڈے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ اعلان وائٹ ہاؤس میں نیٹو کے سیکرٹری جنرل مارک روٹے کے …
امریکا روس سربراہی ملاقات منسوخ

مزید خبریں
واشنگٹن ۔23اکتوبر (اے پی پی):امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہنگری کے دارالحکومت بڈاپسٹ میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ اپنی طے شدہ سربراہی ملاقات منسوخ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں یقین نہیں کہ بات چیت کے اس مرحلے پر بات چیت کے مطلوبہ نتائج برآمد ہوں گے۔
رشیا ٹوڈے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ اعلان وائٹ ہاؤس میں نیٹو کے سیکرٹری جنرل مارک روٹے کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں لگتا کہ ہم اس ملاقات سے وہ مقصد حاصل کر سکیں گے جو ہم حاصل کرنا چاہتے ہیں اس لیے میں نےاس ملاقات کو منسوخ کر دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی صدر نے اس امکان کو مسترد نہیں کیا کہ بعد میں کسی وقت ان کی روسی ہم منصب سے ملاقات ہو سکتی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ اعلان امریکی محکمہ خزانہ کی جانب سے روس پر امن عمل میں سنجیدہ عزم کی کمی کا حوالہ دیتے ہوئے اضافی پابندیوں کے اعلان کے فوراً بعد آیا ہے۔
ان پابندیوں میں روس کی دو بڑی تیل کمپنیوں روزنیفٹ اور لوکوئیل کے ساتھ ساتھ ان کی ذیلی کمپنیوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔ امریکی صدر نے اس بات کا اعتراف کیا کہ انہیں یقین نہیں ہے کہ یہ پابندیاں بھی یوکرین جنگ کے حوالے سے روس کے موقف میں کوئی تبدیلی لائیں گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے روسی اور امریکی صدور کے درمیان فون پر گفتگو کے بعد دونوں رہنمائوں میں ملاقات کا اعلان کیا گیا تھا۔
اس سے قبل روسی حکومت کے ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا تھا کہ سربراہی ملاقات سے پہلے اس کے لئے ٹھوس تیاریاں ضروری ہیں ۔
ترجمان نے اس بات پر زور دیا تھا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی سربراہی ملاقات کو ضائع نہیں ہونا چاہیے کیونکہ دونوں صدور نتیجہ خیز مذاکرات چاہتے ہیں۔








