امریکا سنہری دور میں داخل، ایک سال میں نمایاں تبدیلی آئی، صدر ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن۔25فروری (اے پی پی):امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے دور کو ملک کا سنہری دور قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صرف ایک سال کے دوران ملک میں نمایاں تبدیلی آئی ہے۔ العربیہ اردو کے مطابق انہوں نے اپنے دوسرے دور صدارت کا پہلا سٹیٹ آف یونین خطاب کے دوران کہا کہ ہم بہت کچھ حاصل کر رہے ہیں۔ امریکی صدر نے کہا کہ انہوں نے بیرون ملک ایک نیا …

واشنگٹن۔25فروری (اے پی پی):امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے دور کو ملک کا سنہری دور قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صرف ایک سال کے دوران ملک میں نمایاں تبدیلی آئی ہے۔ العربیہ اردو کے مطابق انہوں نے اپنے دوسرے دور صدارت کا پہلا سٹیٹ آف یونین خطاب کے دوران کہا کہ ہم بہت کچھ حاصل کر رہے ہیں۔

امریکی صدر نے کہا کہ انہوں نے بیرون ملک ایک نیا ورلڈ آرڈر نافذ کرتے ہوئے ملک کے اندر ملازمتوں اور پیداواری مواقع میں تیزی لائی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کے کارناموں کی لمبی فہرست ان ریٹنگز کی راہ روک سکتی ہے جو تیزی سے گر رہی ہیں۔ اے ایف پی کے مطابق صدر ٹرمپ جب کانگریس کے مشترکہ اجلاس میں خطاب کے لیے آئے تو ریپبلکنز نے ان کا استقبال کھڑے ہو کر کیا جبکہ ڈیموکریٹس احتجاجاً بیٹھے رہے۔

امریکی صدر نےآغاز میں ہی کہا کہ میرے امریکی ساتھیو! ہمارا ملک پہلے سے کہیں زیادہ بہتر، امیر اور مضبوط ہو گیا ہے۔ صرف ایک سال کے بعد آج میں یہ فخر کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ ہم نے وہ کچھ حاصل کیا ہے جو اس سے قبل کسی نے نہیں دیکھا تھا اور یہ تبدیلی صدیوں کے لیے ہے۔ انہوں نے آئس ہاکی میں طلائی تمغہ جیتنے والی امریکی ٹیم کے لیے اعلیٰ سول ایوارڈ کا اعلان بھی کیا۔ دوسری جانب نیویارک ٹائمز کا کہنا ہے کہ ڈیموکریٹس کے 40 ارکان ان کی تقریر کے دور ان چلے گئے۔

امریکی صدر نے کہا کہ ایک صدر کی حیثیت سے مجھ سے جس قدر ممکن ہو سکا کہیں بھی امن قائم کرنے کی کوشش کروں گا مگر امریکا کو درپیش خطرات سے نمٹنے کے لیے کہیں بھی کچھ بھی کرنے سے قطعاً نہیں ہچکچاؤں گا۔ انہوں نے اس امر پر فخر کا اظہار کیا کہ وینزویلا اب امریکا کو تیل بھیج رہا ہے۔