متحدہ عرب امارات کے نائب وزیرِ اعظم کی برطانوی وزیرِ خارجہ سے ملاقات، دوطرفہ تعاون اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال

متحدہ عرب امارات کے نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے لندن میں برطانیہ کے وزیرِ خارجہ، دولتِ مشترکہ و ترقیاتی امور ایڈ ملی بینڈ سے ملاقات کی۔

ابوظہبی ۔1اگست (اے پی پی):متحدہ عرب امارات کے نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے لندن میں برطانیہ کے وزیرِ خارجہ، دولتِ مشترکہ و ترقیاتی امور ایڈ ملی بینڈ سے ملاقات کی۔اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے متحدہ عرب امارات اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تعاون سے متعلق متعدد باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینے اور مضبوط بنانے کے امکانات کا جائزہ لیا تاکہ دونوں دوست ممالک کی ترقیاتی ترجیحات کو آگے بڑھایا جا سکے۔

ملاقات کے آغاز میں شیخ عبداللہ بن زاید نے ایڈ ملی بینڈ کو برطانیہ کے وزیرِ خارجہ، دولتِ مشترکہ و ترقیاتی امور کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد دی۔انہوں نے ایڈ ملی بینڈ کے لیے نئی ذمہ داریوں میں کامیابی کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ دونوں ممالک کی خوشحالی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے لیے ان کے ساتھ قریبی تعاون کے خواہاں ہیں۔

شیخ عبداللہ بن زاید نے متحدہ عرب امارات اور برطانیہ کے درمیان گہرے تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔ملاقات میں مشرقِ وسطیٰ کی مجموعی صورتحال، خطے کی تازہ پیش رفت اور امن، سلامتی اور پائیدار استحکام کے فروغ کے لیے علاقائی و بین الاقوامی کوششوں کو موثر بنانے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں برطانیہ میں متحدہ عرب امارات کے سفیر منصور عبداللہ ابوالہول بھی موجود تھے۔