امریکا میں مسلح شخص کی فائرنگ سے 3سیاہ فام قتل

82
امریکا میں مسلح شخص کی فائرنگ
امریکا میں مسلح شخص کی فائرنگ سے 3سیاہ فام قتل

واشنگٹن۔27اگست (اے پی پی):امریکا کی ریاست فلوریڈا کے علاقے جیکسن ویل میں مسلح شخص نے فائرنگ کر کے 3 سیاہ فام افراد کو قتل کر دیا ہے ۔عرب نشریاتی ادارے کے مطابق جیکسن ویل ایف بی آئی آفس کے انچارج شیری اونکس نے میڈیا کو بتایا کہ ایک نقاب پوش سفید فام شخص نے ڈالر جنرل آؤٹ لیٹ میں نسلی بنیادوں پر حملہ کرتے ہوئے 1 خاتون سمیت 3سیاہ فام افراد ہلاک کر دیا ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ حملہ آور کے پاس ایک اسالٹ طرز کی رائفل اور ایک ہینڈگن کے علاوہ ایک منشور بھی تھا جس میں اس نے لکھا ہوا تھا کہ وہ سیاہ فاموں پر حملہ کرنا چاہتا ہے تاہم پولیس کے ساتھ چھڑپ کے بعد اس نے خود کو گولی مارکر ہلاک کرلیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکام نے اس واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور اس کیس کو نفرت انگیز جرم کے طور پر آگے بڑھایا جائے گا۔انہوں نے مزید بتایا کہ نفرت پر مبنی جرائم ہمیشہ سے ہوتے ہیں اور ہمیشہ ایف بی آئی کے لیے اولین ترجیح رہیں گے کیونکہ یہ نہ صرف ایک شکار پر حملہ ہیں، بلکہ ان کا مقصد پوری کمیونٹی کو ڈرانا بھی ہے۔واضح رہے کہ امریکا میں حالیہ دنوں میں فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے، جس میں زیادہ تر ریاستوں میں آتشیں اسلحے تک آسان رسائی اور ملک میں شہریوں سے زیادہ بندوقیں ہیں۔