امریکا میں پاکستان کے سفیر سے امریکی نمائندہ خصوصی برائے تجارتی اور کاروباری امور کی ملاقات

امریکا میں پاکستان کے سفیر سے امریکی نمائندہ خصوصی برائے تجارتی اور کاروباری امور کی ملاقات

اسلام آباد۔1جون (اے پی پی):امریکا میں پاکستان کے سفیر سردار مسعود خان سے امریکی نمائندہ خصوصی برائے تجارتی اور کاروباری امور دلاور سید نے واشنگٹن میں ملاقات کی۔

پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نمائندہ خصوصی دلاور سید تجارتی اور اقتصادی پالیسیوں کا بھرپور تجربہ رکھتے ہیں اور وہ امریکی انتظامیہ اور عالمی کاروبار میں نمایاں عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔

پاکستان کے سفیر مسعود خان نے دلاور سید کو اعلیٰ عہدے پر تقرری پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ میں وہ نئی ٹیکنالوجیز اور ٹیک سیکٹر کے گرد عالمی اقتصادی ایجنڈے کو تبدیل کرنے میں مدد کریں گے۔

اس موقع پر امریکی نمائندہ خصوصی دلاور سید نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان شراکت داری کے وسیع امکانات موجود ہیں اور سلیکون ویلی میں پاکستان اور امریکا کا بڑھتا ہوا کردار دو طرفہ تجارتی تعلقات کو بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

مسعود خان نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کے بارے میں اعتماد پیدا کرنے پر امریکی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ دلاور سید نے ملاقات کے دوران کہا کہ وہ امریکا اورپاکستان کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے منتظر ہیں۔