امریکا نے طالبان کے ساتھ امن مذاکرات کے ابتدائی معاہدے کے تحت افغانستان سے ہزاروں فوجیوں کو واپس بلانے کی تیاریاں شروع کر دیں

واشنگٹن۔ 2 اگست (اے پی پی)امریکا نے طالبان کے ساتھ امن مذاکرات کے ابتدائی معاہدے کے تحت افغانستان سے ہزاروں فوجیوں کو واپس بلانے کی تیاریاں شروع کر دیں۔ معروف امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق امریکی حکام نے کہا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ افغانستان میں 18سال کی طویل جنگ ختم کرنے کے لئے طالبان کے ساتھ امن مذاکرات کے ابتدائی معاہدے کے تحت افغانستان سے ہزاروں فوجی نکالنے کی تیاری کر رہی ہے جبکہ جنگ بندی بھی اس معاہدے کا اہم حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاہدے کے تحت طالبان کے افغان حکومت کے ساتھ براہ راست امن مذاکرات شروع کرنے کی صورت میں افغانستان میں اس وقت موجود 14 ہزار امریکی فوجیوں کی تعداد کم کرکے 8 سے 9 ہزار تک لائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ امریکی افغان سفیر زلمے خلیل زاد اور طالبان کے مابین مذاکرات کے چند ہی ماہ بعد تشکیل دیا گیا ہے۔واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق امن معاہدے کو ستمبر میں ہونے والے افغانستان کے صدارتی انتخابات سے قبل حتمی شکل دی جاسکتی ہے۔